نئی دہلی:وزیراعظم نریندر مودی نے آج شام چھ بجے قوم سے خطاب میں کہاکہ تہواروں کے اس موسم میں بازاروں میں بھی رونق دھیرے دھیرے لوٹ رہی ہے۔ لیکن ہمیں یہ بھولنا نہیں ہے کہ لاک ڈاؤن بھلے چلا گیا ہو، وائرس نہیں گیا ہے۔ گزشتہ 8-7 مہینوں میں ہر ہندوستانی کی کوشش سے ملک آج جس سنبھلی ہوئی حالت میں ہے ہمیں اسے بگڑنے نہیں دینا ہے۔ مزید بہتری کے لیے کوششیں کرنی ہے۔ آج ملک میں ریکوری ریٹ اچھی ہے۔ فرٹیلیٹی ریٹ کم ہے۔ ہندوستان میں جہاں ہم فی 10 لاکھ آبادی پر قریب 5 ہزار لوگوں کو کورونا ہوا ہے وہیں امریکہ اور برازیل جیسے ممالک میں یہ نمبر 25 ہزار کے قریب ہے۔ ہندوستان میں فی 10 لاکھ لوگوں میں اموات کی شرح 83 ہے، جب کہ امریکہ، برازیل، برطانیہ جیسے ممالک میں یہ نمبر 600 کے پار ہے۔ دنیا کے وسائل والے ممالک کے مقابلے میں ہندوستان اپنے زیادہ سے زیادہ شہریوں کی زندگی بچانے میں کامیاب ہو رہا ہے۔
جب تک اس وبا کے لیے ویکسین نہیں آ جاتی، ہمیں کورونا سے اپنی لڑائی کو رَتی بھر بھی کمزور نہیں پڑنے دینا ہے۔ برسوں بعد ہم ایسا ہوتا دیکھ رہے ہیں کہ انسانیت کو بچانے کے لیے جنگی سطح پر پوری دنیا میں کام ہو رہا ہے۔ کئی ممالک اس کے لیے کام کر رہے ہیں۔ہمارے ملک کے سائنسداں بھی ویکسین کے لیے جی جان سے جٹے ہیں۔ ہندوستان میں ابھی کورونا کی کئی ویکسین پر کام چل رہا ہے۔ ان میں کچھ ایڈوانسڈ اسٹیج پر ہیں اور حوصلہ بخش صورت حال نظر آتی ہے۔ کورونا ویکسین جب آئے گی، وہ جلد سے جلد ہر ہندوستانی تک کیسے پہنچے، اس کے لیے بھی حکومت کی ذمہ داری جاری ہے۔ ایک ایک شہری تک ویکسین پہنچے، اس کے لیے تیزی سے کام ہو رہا ہے۔