قطر میں امریکی فضائی اڈے پر ممکنہ ایرانی حملے کی ’مستند‘ اطلاعات

فرینک گارڈنر، نامہ نگار برائے سکیورٹی بی بی سی کو معلوم ہوا ہے کہ قطر میں امریکہ کے تحت چلنے والے العبید کولیشن ایئر آپریشز سینٹر پر حملے کی ’مستند‘ اطلاعات ہیں۔

قطر نے اپنی فضائی حدود کو بند کر دیا ہے اور مجھے بتایا گیا ہے کہ قطر میں واقع فضائی اڈہ ہائی الرٹ پر ہے۔ کہا جا رہا ہے کہ اس اڈے پر ممکنہ ایرانی میزائل حملے کا خطرہ ہے۔

العبید فضائی اڈے قطر کے دارالحکومت دوحہ کے باہر واقع ہے اور یہی مشرقِ وسطیٰ میں سینٹکوم کے تمام فضائی آپریشنز کا ہیڈاکورٹر ہے، یہاں برطانوی فوجی اہلکار بھی خدمات سر انجام دیتے ہیں۔قطر میں برطانیہ اور امریکہ کے سفارتخانوں نے حفاظتی اقدامات کے تناظر میں اپنے شہریوں کو محفوظ پناہ گاہوں میں منتقل ہونے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔

دوحہ میں امریکی سفارتخانے کی ویب سائٹ پر ایک پوسٹ میں شہریوں کو ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ تاحکم ثانی محفوظ پناہ گاہوں میں منتقل ہو جائیں۔

برطانیہ کے ہاؤس آف کامنز میں اپنے خطاب کے دوران برطانوی سیکریٹری خارجہ ڈیوڈ لیمی نے بھی مشرقِ وسطی میں مقیم برطانوی شہریوں کو کہا تھا کہ وہ حکومت کی سفری ہدایات پر عمل کریں۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے قطر میں مقیم برطانوی شہریوں کو تاحکمِ ثانی محفوظ پناہ گاہوں میں منتقل ہونے کی ہدایات دی ہیں۔

دوسری جانب قطر کی وزارتِ خارجہ کا ایک بیان میں کہنا ہے کہ دوحہ میں متعدد سفارتخانوں نے اپنے شہریوں کو حفاظتی تدابیر اپنانے کی ہدایات جاری کی ہیں لیکن اس کا ’مطلب یہ نہیں کہ یہاں کوئی خاص قسم کا خطرہ ہے۔‘

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ملک کی صورتحال بالکل مستحکم ہے اور ضرورت پڑنے پر عوام کو ہر پیش رفت سے آگاہ رکھا جائے گا۔

اپنی رائے یہاں لکھیں

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading