ممبئی:9۔نومبر ۔ (ایجنسیز)تقریبا سبھی لوگوں نے فلم ٹھگس آف ہندوستان کو خراب ریویو دیا تھا ۔ یش راج فلم کی اس میگا پروڈکشن میں امیتابھ بچن اور عامر خان پہلی مرتبہ ایک ساتھ پردے پر نظرآنے والے تھے اور اس بات پر اس فلم کی کافی مارکیٹنگ بھی کی گئی۔ شاید اسی مارکیٹنگ کا فلم کو فائدہ بھی ہوا ۔خراب ریویو کے بعد بھی فلم نے پہلے دن ریکارڈ کمائی کی ۔ سنیما گھروں سے ملے اعداد و شمار کے مطابق اس فلم نے پہلے دن ایک اندازہ کے طور پر 50 کروڑ کی کمائی کرلی ہے اور سب سے بڑی اوپننگ کا ریکارڈ اپنے نام کرلیا ہے۔ اس سے پہلے سب سے بڑی اوپننگ کا ریکارڈ سلمان خان کی فلم پریم رتن دھن پایو ( 39 کروڑ *) اور فلم باہوبلی -2 (40کروڑ)کے نام رہا تھا۔ دراصل ٹھگس آف ہندوستان کو ایڈوانس بکنگ سے سب سے زیادہ فائدہ ہوا ۔ سنیماگھروں نے دیوالی کا موقع دیکھتے ہوئے ٹکٹ کے دام بڑھا دئے تھے اور تقریبا دو لاکھ سے زیادہ ٹکٹوں کی ایڈوانس بکنگ ہوچکی تھی ۔