فرقہ وارانہ طاقتوں کے خلاف پرعزم ہرش وردھن سپکال نے مہاراشٹر کانگریس کی کمان سنبھالی

فرقہ وارانہ طاقتوں کے خلاف پرعزم
ہرش وردھن سپکال نے مہاراشٹر کانگریس کی کمان سنبھالی

ممبئی (آفتاب شیخ)

مہاراشٹر کانگریس کے ریاستی صدر ہرش وردھن سپکال نے حلف برداری کے دوران فرقہ پرست طاقتوں کے خلاف لڑنے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ وہ ملک کو متحد رکھنے کے لیے دن رات کام کریں گے۔ سپکال نے ممبئی کے تلک بھون میں ایک تقریب کے دوران سبکدوش ہونے والے صدر نانا پٹولے سے چارج لیا۔ تقریب میں کانگریس کے سینئر قائدین رمیش چنیتھلا، قومی جنرل سکریٹری مکل واسنک، وجے ودیٹیوار، مانیک راؤ ٹھاکرے، عارف نسیم خان، مناف حکیم اور دیگر موجود تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سپکال نے کہا، "میں پارٹی قیادت کے اعتماد پر پورا اترنے کی کوشش کروں گا۔ میرا سفر ایک سادہ کارکن کے طور پر شروع ہوا اور آج میں ریاستی صدر کے عہدے پر ہوں، یہ میرے لیے ایک بڑا اعزاز ہے۔"

نانا پٹولے نے سپکال کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس نے ہمیشہ عام پس منظر سے تعلق رکھنے والے کارکنوں کو بڑے عہدے دیے ہیں اور سپکال اس روایت کو جاری رکھیں گے۔ انہوں نے حکومت پر کسانوں اور بے روزگاری جیسے مسائل کو نظر انداز کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کانگریس کارکنوں سے متحد ہونے کی اپیل کی۔

مہاراشٹر کے انچارج رمیش چنیتھلا نے کہا کہ سپکال کی قیادت میں پارٹی مزید مضبوط ہوگی اور پارٹی کو نئی بلندیوں پر لے جائیں گے۔ نانا پٹولے کی خدمات کی تعریف کرتے ہوئے انہوں نے امید ظاہر کی کہ سپکال ان کی میراث کو کامیابی سے آگے بڑھائیں گے۔

تقریب میں کانگریس کارکنوں کا جوش و خروش دیدنی تھا اور نئی قیادت پر مکمل بھروسہ کا اظہار کیا گیا۔ سپکال کی تقرری نے پارٹی کارکنوں میں نئی توانائی پیدا کی ہے۔

اپنی رائے یہاں لکھیں

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading