غزہ میں حماس کی جانب جانب سے کیے گئے ایک حملے میں اسرائیلی فوج کے ایک افسر سمیت سات فوجی اہلکار ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ ایک علیحدہ حملے میں ایک اسرائیلی فوجی شدید زخمی بھی ہوا ہے۔خبر رساں ادارے روئٹرز نے اسرائیلی فوج کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ یہ ساتوں فوجی خان یونس شہر میں اس وقت مارے گئے جب ان کی گاڑی کے نیچے نصب ایک دھماکہ خیز مواد پھٹا اور گاڑی میں آگ لگ گئی۔
اسرائیلی فوج کے اعداد و شمار کے مطابق جون کے آغاز سے اب تک غزہ میں لڑائی کے دوران کم از کم 19 اسرائیلی فوجی مارے جا چکے ہیں۔یاد رہے کہ اسرائیل نے اکتوبر 2023 میں حماس کے حملے کے جواب میں غزہ پر شدید فضائی اور زمینی کارروائیوں کا آغاز کیا تھا۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق حماس کے زیر انتظام وزارت صحت کا کہنا ہے کہ اسرائیلی حملوں میں اب تک 56 ہزار سے زائد فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں جب کہ 20 لاکھ سے زائد کی آبادی میں سے بیشتر بے گھر ہو چکی ہے اور ان کو شدید غذائی بحران کا سامنا ہے۔