عیدالاضحی کی تعطیل 28کے بجائے 29جون کو دی جائے

ممبئی:کانگریس کے ریاستی کارگزار صدر وسابق وزیر نسیم خان نے آج وزیراعلیٰ ایکناتھ شندے کو ایک مکتوب لکھ کر عیدالاضحی کی تعطیل 28جون کے بجائے 29جون کو دینے کی مانگ کی ہے۔ انہوں نے اپنے مکتوب لکھا ہے کہ’آپ اس بات سے بخوبی واقف ہونگے کہ ہرسال کی طرح اس سال بھی مسلمانوں کا مقدس تہوار عیدالاضحی چاند کے مطابق 29جون کو منایاجارہا ہے۔

لیکن سرکاری اعلان کے مطابق عیدالاضحی کی تعطیل 28جون کو دی گئی ہے۔ عیدالاضحی چونکہ مسلمانوں کا ایک اہم تہوار ہے اس لیے 28جون کو دی گئی سرکاری تعطیل کو تبدیل کرتے ہوئے 29جون کو کردیا جائے تاکہ ریاست کے مسلمان اس دن اطمینان سے عیدالاضحی کا تہوار مناسکیں‘۔

واضح رہے کہ عیدالاضحی کے دن ریاست میں سرکاری تعطیل دی جاتی ہے جو شمشی کیلنڈر کے مطابق ہوتی ہے۔ جبکہ عید وعیدالاضحی کا تہوار چاند دیکھنے کے بعد منایاجاتا ہے۔ اس سال چونکہ ذی الحجہ کا چاند 19/جون کا نظر آیا تھا، اس لحاظ سے عیدالاضحی کا تہوار29جون کو منایا جائے گا۔ وزیراعلیٰ کو لکھے گیے اپنے مکتوب کے بارے میں مزید معلومات دیتے ہوئے نسیم خان نے بتایا کہ عیدلاضحی کے دن سرکاری تعطیل ہوتی ہے اور یہ تعطیل حکومت نے اس سال 28جون کو اعلان کیا ہے۔

چونکہ تعطیل کا اعلان کرتے ہوئے حکومت عام کیلنڈر کو پیشِ نظررکھتی ہے، اس لیے عیدوعیدالاضحی کی تعطیل بسااوقات آگے پیچھے ہوجایا کرتی ہے۔ ہم نے وزیراعلیٰ سے اس ضمن میں تحریری مطالبہ کیا ہے کہ وہ پہلے سے اعلان شدہ 28جون کی تعطیل کو تبدیل کرتے ہوئے 29جون کو کریں تاکہ مسلمان اطمینان سے اس دن عیدقرباں کا تہوار مناسکیں۔ مجھے یقین ہے کہ وزیراعلیٰ میرے اس مطالبے پر غور کرتے ہوئے عیدالاضحی کے تعطیل کا دن تبدیل کریں گے۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading