طالبان نے افغانستان کے عبوری وزیراعظم ملا حسن اخوند کی تازہ ترین تصویر جاری کردی

طالبان کی جانب سے افغانستان میں عبوری حکومت کا اعلان کردیا گیا ہے جس میں ملا محمد حسن اخوند کو وزیراعظم مقرر کیا گیا ہے۔

اب تک ملا حسن اخوند کی پرانی تصویریں ہی میڈیا میں گردش کررہی تھیں تاہم اب قطر میں طالبان کے سیاسی دفتر کے ترجمان محمد نعیم نے ملا حسن اخوند کی تازہ ترین تصویر جاری کی ہے۔

1999 کی ایک تصویر میں ملا اخوند قدرے جوان نظر آرہے ہیں تاہم اب جاری ہونے والی تصویر میں ان کے بال اور داڑھی سفید ہوچکی ہے اور بڑھاپا آچکا ہے۔

ملا محمد حسن اخوند افغانستان کے عبوری وزیر اعظم ہیں جبکہ ملا عبدالغنی برادر اورمولوی عبدالسلام حنفی نائب وزرائے اعظم ہیں۔طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کے مطابق طالبان کے سابق بانی امیر ملا عمر کے صاحبزادے اور ملٹری آپریشن کے سربراہ ملا محمد یعقوب مجاہد کو عبوری وزیر دفاع مقرر کیا گیا ہے جبکہ ان کے نائب ملا محمد فاضل اخوند ہوں گے۔کمانڈر قاری فصیح الدین افغانستان کے آرمی چیف ہوں گے۔

سراج الدین حقانی وزیر داخلہ اور مولوی نور جلال نائب وزیر داخلہ ہوں گے جبکہ مولوی امیر خان متقی کو ملک کا وزیر خارجہ مقرر کیا گیا ہے اور ان کے نائب شیر محمد عباس استنکزئی ہوں گے۔

عبوری حکومت میں ملا ہدایت اللہ بدری کو وزیر خزانہ اور شیخ اللہ منیر کو وزیر تعلیم مقرر کیا گیا ہے۔