قریب دو سال پہلے نرمدا ندی کے کنارے اس وقت کی شیو راج سنگھ چوہان کی قیادت والی بی جے پی حکومت نے ایک دن میں 7 کروڑ پودھے لگوائے تھے۔ کمل ناتھ حکومت میں وزیر جنگلات امنگ سنگھار نے اس پورے معاملہ کو 450 کروڑ روپے کا گھوٹالہ قرار دیا ہے۔ وزیر موصوف نے اکنامک آفینس ونگ (ای او ڈبلو) کو خط لکھ کر اس معاملہ میں اس وقت کے وزیر اعلی شیو راج سنگھ چوہان، اس وقت کے وزیر جنگلات گوری شنکر سیجوار اور جنگلات کے کچھ اعلی افسران کے خلاف جانچ کرانے کا حکم دیا ہے۔
Also Read: مدھیہ پردیش: سابق وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ پر لگا گھوٹالہ کا الزام، تحقیقات شروع
واضح رہے یہ شجرکاری کا پروگرام 2 جولائی 2017 کو منعقد ہوا تھا اور اس پروگرام کے تحت1.21 لاکھ مقامات پرمختلف سرکاری محکموں نے شجر لگائے تھے۔ اس وقت کے وزیر اعلی شیو رج سنگھ چوہان کا کہنا تھا کہ یہ کوشش گینیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں جگہ دلائے گی۔ بی جے پی حکومت نے دعوی کیا تھا کہ محکمہ جنگلات، دیہاتی ترقی اور زراعات کے محکمے اس شجرکاری مہم میں شامل تھے۔
Also Read: مدھیہ پردیش: شیوراج حکومت میں ’شجرکاری‘ کے عالمی ریکارڈ کا دعوی فرضی نکلا!
مدھیہ پردیش کے وزیر امنگ سنگھار نے کہا اس پروگرام کے بعد نہ تو عالمی ریکارڈ بک میں کوئی جگہ ملی اور نہ ہی اس سلسہ میں کی گئی سرکاری خط وکتابت کا کوئی ریکارڈ ہے۔ انہوں نے کہا شجرکاری کرنے میں وقت لگتا ہے اور یہ ایک دن کا کام نہیں ہے۔ وزیر موصوف نے کہا کہ افسران اس معاملہ میں گمراہ کرنے کی کوش کر رہے ہیں اور اس کے ذریعہ اپنے کچھ لوگوں کو فائدہ پہنچانے کی کوشش کی گئی۔
واضح رہے 24 اضلاع میں صبح 7 بجے سے لے کر شام 7 بجے تک یہ شجرکاری مہم چلائی گئی تھی اور اس وقت کے عوامی رابطہ کے افسر نے کہا تھا کہ اس شجرکاری مہم کے دوران کئی مقامات پر گینیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کے کچھ عہدیدار بھی موجود تھے۔
یہ ایک سینڈیکیٹیڈ فیڈ ہے ادارہ نے اس میں کوئی ترمیم نہیں کی ہے. – Source بشکریہ قومی آواز بیورو—-
