سپر اسٹار امیتابھ بچن کو فلم انڈسٹری کا سب سے باوقار ایوارڈ

نئی دہلی، 24 ستمبر (یواین آئی) سابق سپر اسٹار امیتابھ بچن کو ہندوستانی فلموں میں بہترین تعاون کے لئے پروقار دادا صاحب پھالکے ایوارڈ سے نوازا جائے گا۔اطلاعات و نشریات کے وزیر پرکاش جاوڈیکر نے منگل کو یہ طلاع دی۔ انہوں نے ٹوئٹ کرکے کہا کہ ہندی فلموں میں ’لیجنڈ‘ بن گئے امیتابھ بچن کو متفقہ طور پر دادا صاحب پھالکے ایوارڈکے لئے منتخب کیا گیا ہے۔

انہوں نے دو نسلوں کو اپنی اداکاری اور فن سے نہ صرف متاثر کیا ہے بلکہ حوصلہ افزائی بھی کی ہے۔مسٹر جاوڈیکر نے کہا کہ مسٹر بچن کو یہ اعزاز ملنے سے نہ صرف ملک میں بلکہ بیرون ملک میں بھی ان کے مداحوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ اتر پردیش کے الہ آباد میں 11 اکتوبر 1942 کو پیدا ہوئے مسٹر بچن نے اپنے فلمی کریئر کی شروعات ’سات ہندوستانی‘سے کی تھی اور انہوں نے ’زنجیر‘،’ دیوار‘ اور’ شعلے‘ جیسی فلموں سے اینگری ینگ مین کے کردار سے لوگوں کے دلوں پر راج کرنا شروع کر دیا تھا ۔

امیتابھ بچن نے ’آنند‘، ’ملی‘، ’نمک حرام‘، ’ابھیمان‘ جیسی فلموں سے اپنی مخصوص شناخت بنائی اور اپنی صلاحیتوں سے سب کا دل جیت لیا۔امیتابھ بچن کو بہترین اداکار کے طور پر چار بار نیشنل فلم ایوارڈ اور 15 بار فلم فیئر ایوارڈ مل چکا ہے۔ انہیں 1984 میں پدم شری ، 2001 میں پدم بھوشن اور 2015 میں پدم وبھوش بھی دیا جا چکا ہے۔ اس کے علاوہ فرانس کے سب سے اعلی شہری اعزاز ’ليجن آف آنر‘ بھی مل چکا ہے۔

ہندی کے نامور شاعر ہری ونش بچن کے بیٹے امیتابھ بچن نے الہ آباد سے لوک سبھا کا الیکشن جیت کر ممبر پارلیمنٹ بھی بنے تھے لیکن بعد میں انہوں نے سیاست سے رٹائرمنٹ لے لیا تھا۔ گزشتہ چند برسوں سے ’کون بنے گا کروڑ پتی‘ پروگرام سے ان کی مقبولیت ایک بار پھر چوٹی پر پہنچی۔ وہ80 اور 90 کی دہائی میں ہندی فلموں کے سب سے زیادہ مقبول اداکار رہے اور انہوں نے ’ڈان‘،’قسم وعدے‘، ’مقدر کا سکندر‘، ’اگنی پتھ‘، ’سلسلہ‘، ’امر اکبر انتھونی‘ جیسی متعددیادگار فلمیں دیں اور بعد میں ’بلیک‘، ’پيكو‘، ’پا ‘جیسی فلموں سے بھی ایک بار پھر اپنی اداکاری کے بام عروج پر پہنچ گئے۔دادا صاحب پھالکے ایوارڈ کا آغاز 1969 میں ہوا تھا اور پہلا ایوارڈ نامور اداکارہ دیویکا رانی کو ملا تھا۔ گزشتہ سال یہ ایوارڈ سال 2017 میں معروف اداکار ونود کھنہ کو ملا تھا۔ یہ ایوارڈ لتا منگیشکر، آشا بھونسلے، راج کپور، پرتھوی راج کپور، ششی کپور سمیت متعدد شخصیات کو ملا تھا۔

Leave a comment