مودی اور عمران کشمیر پر کسی نتیجہ پر پہونچ جائیں تو بہتر ہوگا : ٹرمپ

مودی اور عمران کشمیر پر کسی نتیجہ پر پہونچ جائیں تو بہتر ہوگا : ٹرمپ

٭ دونوں قائدین ایک دوسرے کو سمجھ جائیں تو بہتر نتائج متوقع
٭ نریندر مودی دہشت گردی سے نمٹ لیں گے
٭ ہندوستان سے جلد ہی تجارتی معاہدہ کو قطعیت
٭ صدر امریکہ و وزیر اعظم ہند کی نیویارک میں ملاقات

نیویارک 24 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے آج کہا کہ اگر وزیر اعظم نریندر مودی اور ان کے پاکستانی ہم منصب عمران خان کشمیر پر کسی نتیجہ پر پہونچ سکیں تو یہ بہت بہتر ہوگا ۔ انہوں نے خود کو دونوں نیوکلئیر طاقت کے حامل پڑوسیوں کے مابین کسی مصالحت سے خودکو الگ تھلگ کرلیا ہے ۔ ٹرمپ نے یہ ریمارکس وزیر اعظم نریندرمودی سے ملاقات کے موقع پر کئے ۔ یہ ملاقات اقوام متحدہ جنرل اسمبلی اجلاس کے موقع پر نیویارک میں ہوئی تھی ۔ ٹرمپ نے ملاقات کے بعد میڈیا کے سوالات کے جواب دیتے ہوئے کہا کہ وہ واقعی سمجھتے ہیں کہ وزیر اعظم مودی اور وزیر اعظم عمران خان جب ایک دوسرے کو جان جائیں گے تو ان میں اچھا تال میل پیدا ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ اس ملاقات سے بہت سی اچھی چیزیں ابھر کر آئیں گی ۔ اگر یہ لوگ کشمیر پر کسی نتیجہ پر پہونچ سکیں تو یہ بہت اچھی بات ہوگی ۔ واضح رہے کہ ٹرمپ نے کل ہی عمران خان سے ملاقات کی تھی اور ایک بار پھر انہوں نے کشمیر پر ہندوستان و پاکستان کے مابین دونوں ملکوں کی رضامندی پر مصالحت کی پیشکش کی تھی ۔ ہندوستان کا مسلسل موقف یہی ہے کہ کشمیر باہمی مسئلہ ہے اور اس میں کسی تیسرے فریق کی مداخلت ممکن نہیں ہے ۔ ہندوستان اور پاکستان کے مابین کشیدگی میں ہندوستان کی جانب سے دفعہ 370 کو حذف کئے جانے کے بعد اضـافہ ہوگیا ہے

ہندوستان کے اس اقدام پر پاکستان نے شدید رد عمل ظاہر کیا ہے اور اس کے بعد اس نے ہندوستان کے ساتھ سفارتی تعلقات کی سطح کو کم کرلیا ہے اور ہندوستانی سفیر کو واپس بھیج دیا ہے ۔ پاکستان مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی بنانے میں مصروف بھی ہوگیا ہے ۔ جب ڈونالڈ ٹرمپ سے پاکستانی سر زمین سے اٹھنے والی دہشت گردی اور پاکستانی فوج کے عسکری گروپس سے تعلقات پر سوال کیا گیا تو ٹرمپ نے کہا کہ وزیر اعظم مودی اس سے نمٹ لیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ آپ کے وزیر اعظم بہترین ہیں۔ وہ تمام مسائل کو حل کرلیں گے ۔ علاوہ ازیں صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ ان کا ملک ہندوستان کے ساتھ بہت جلد ہی تجارتی معاہدہ کو قطعیت دیگا تاکہ دونوں ملکوں کے مابین تجارتی تعلقات میں مزید استحکام پیدا ہو ۔ انہوں نے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ بہت جلد ہی تجارتی معاہدہ طئے ہوگا ۔ ہم اس پر اچھی پیشرفت کر رہے ہیں۔ امریکی تجارتی نمائندے ہندوستان کے ساتھ مذاکرات میں مصروف ہیں اور وہ سمجھتے ہیں کہ وہ بہت جلد تجارتی معاہدہ کو قطعیت دینگے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایک تجارتی معاہدہ پر جلد ہی پہونچ جائیں گے اور ایک تفصیلی معاہدہ بعد میں طئے پائے گا ۔ واضح رہے دونوں ملکوں کے مابین تجارتی معاہدہ کو قطعیت دینے مذاکرات چل رہے ہیں۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے پریس کانفرنس میں کہا کہ جہاں تک تجارتی معاہدہ کا سوال ہے وہ خوش ہیں کہ ہیوسٹن میں ان کی موجودگی میں ایک معاہدہ پر دستخط ہوئے ہیں۔

Read More

Leave a comment