سلمان خان شوٹنگ چھوڑ کر بابا صدیقی کو دیکھنے اسپتال پہنچے

ممبئی:این سی پی (اجیت پوار) رہنما اور سابق وزیر بابا صدیقی کو ہفتہ کی شام کچھ لوگوں نے گولی مار دی جس کے بعد انہیں لیلاوتی اسپتال لے جایا گیا جہاں علاج کے دوران ان کی موت ہو گئی۔ بابا صدیقی کے اس قتل واقعہ کے بعد ممبئی سمیت پورے ملک میں ہنگامہ مچ گیا ہے اور سیاسی دنیا سے لے کر بالی ووڈ تک شدید غم کی لہر ہے۔

بابا صدیقی کے انتقال کے بعد دیر رات کئی قد آور شخصیات ان کے کنبہ سے ملنے کے لیے لیلاوتی اسپتال پہنچے۔ اس دوران بابا صدیقی کے کافی قریبی مانے جانے والے سلمان خان بھی اسپتال پہنچے اور انہوں نے غمزدہ کنبہ سے ملاقات کی۔ سلمان سرمئی رنگ کی ٹی شرٹ میں اپنی گاڑی سے آتے دکھے جن کے ساتھ بھاری سیکوریٹی دستہ بھی تھا۔

سلمان خان کا بابا صدیقی سے قریبی رشتہ رہا ہے۔ وہ ان کے ساتھ کئی پارٹیوں میں نظر آتے رہے ہیں۔ خاص طور پر ہر سال رمضان میں بابا صدیقی کے ذریعہ دی گئی افطار پارٹی میں سلمان ضرور موجود رہتے تھے۔ ذرائع کے مطابق بابا صدیقی کے انتقال کی خبر ملتے ہی سلمان خان نے بگ باس 18 کی شوٹنگ منسوخ کر دی۔ جب انہیں اس غمناک خبر کی اطلاع ملی تو وہ شوٹنگ کے بیچ میں تھے، جسے چھوڑ کر فوراً ممبئی کے لیلاوتی اسپتال پہنچے۔ سلمان خان سے پہلے اداکار سنجے دت، شلپا شیٹی شوہر راج کندرا کے ساتھ اور ویر پہاڑیا بھی اسپتال پہنچے تھے۔

بابا صدیقی کو نرمل نگر میں کولگیٹ گراؤنڈ کے پاس ان کے ایم ایل اے بیٹے ذیشان صدیقی کے دفتر کے قریب ہی گولی مار گئی تھی۔ پولیس نے اس معاملے میں دو مشتبہ افراد کو گرفتار کیا ہے جن میں سے ایک کا اتر پردیش سے اور دوسرے کا ہریانہ سے تعلق ہے۔

اس معاملے میں تیسرے مشتبہ شخص کی ابھی تلاش جاری ہے۔ مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے اس معاملے میں سخت کارروائی کرنے کی بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی کو بھی قانون اپنے ہاتھ میں نہیں لینے دیا جائے گا۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading