ناندیڑ 9 مارچ ( راست): ریٹائرڈ پولیس سب انسپکٹر محمد غیاث الدین (عرف مشتاق) نے ’’بندگی کے راستے‘‘ کے عنوان سے ایک اہم دینی کتاب مرتب کی ہے۔ اس کتاب میں اسلام کے پانچ بنیادی ارکان کو آسان اور عام فہم انداز میں تفصیل کے ساتھ بیان کیا گیا ہے تاکہ عام لوگ بھی دینی تعلیمات کو بہتر طور پر سمجھ سکیں۔مؤلف محمد غیاث الدین کے مطابق اس کتاب کی تیاری کا بنیادی مقصد لوگوں کو اللہ کی بندگی کی طرف متوجہ کرنا اور قرآن و حدیث کی صحیح تعلیمات کو عام کرنا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ معاشرے میں دینی شعور بیدار کرنے اور لوگوں کو عبادت و بندگی کے راستے سے جوڑنے کے لیے یہ ایک ادنیٰ کوشش ہے۔محمد غیاث الدین نے اپنی سرکاری زندگی کا آغاز 1971 میں پولیس کانسٹبل کی حیثیت سے کیا تھا۔ بعد ازاں ترقی پاتے ہوئے سال 2000 میں پولیس سب انسپکٹر (PSI) کے عہدے پر فائز ہوئے۔ اپنے طویل کیریئر کے دوران انہوں نے ناگپور اور شہر ناندیڑ کے مختلف پولیس اسٹیشنوں میں خدمات انجام دیں۔
اس کے علاوہ وہ آئی جی کے ریڈر کی حیثیت سے بھی فرائض انجام دے چکے ہیں۔مزید برآں 2008 کے دوران ناندیڑ میں گروتا گدی کے موقع پر انہوں نے پولیس کنٹرول روم کے انچارج کے طور پر بھی اپنی ذمہ داریاں بخوبی نبھائیں۔انہوں نے 2009 میں ریٹائرمنٹ سے تقریباً ڈیڑھ سال قبل میڈیکل لیو لے لی تھی۔ اس کے بعد سے وہ مکمل طور پر دینی خدمات میں مصروف ہیں اور لوگوں تک قرآن و حدیث کی تعلیمات پہنچانے اور انہیں بندگی کے راستے سے جوڑنے کا کام انجام دے رہے ہیں۔محمد غیاث الدین کو اردو کے ساتھ دیگر زبانوں پر بھی اچھی دسترس حاصل ہے۔ ان کے مطابق ’’بندگی کے راستے‘‘ کتاب فروخت کے لیے نہیں ہے بلکہ اسے صرف اپنے والدین، عزیز و اقارب، متعلقین اور تمام مومن مرحومین کے ایصالِ ثواب کے لیے شائع کیا گیا ہے۔یہ کتاب حاصل کرنے کے خواہشمند افراد لیبر کالونی میں نوبل اسکول کے قریب اور مسجد حضرت ابو بکر صدیق کے سامنے واقع ان کے مکان سے یہ کتاب حاصل کر سکتے ہیں۔
اس کتاب کا رسمِ اجراء گزشتہ روز مسجد حضرت ابو بکر صدیق کے روبرو انجام پایا، جو مسجد کے امام و خطیب مولانا اظہر اشاعتی اور مسجد عمر فاروق کے امام و خطیب مفتی صدیقی صاحب کے دستِ مبارک سے عمل میں آیا۔محمد غیاث الدین نے اس موقع پر کتاب کی اشاعت میں مدد کرنے والے تمام افراد کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ یہ کتاب لوگوں کے لیے دینی رہنمائی کا ذریعہ ثابت ہوگی.