رکن پارلیمان نریش مہسکے کو باوقار ’سنسد رتن‘ ایوارڈ سے نواز ا گیا مرکزی وزیر کرن رجیجو کے ہاتھوں نئی دہلی میں اعزاز پارلیمنٹ م یں شاندار کارکردگی پر حاصل ہوا ایوارڈ

رکن پارلیمان نریش مہسکے کو باوقار ’سنسد رتن‘ ایوارڈ سے نوازا گیا
مرکزی وزیر کرن رجیجو کے ہاتھوں نئی دہلی میں اعزاز
پارلیمنٹ میں شاندار کارکردگی پر حاصل ہوا ایوارڈ

تھانے (آفتاب شیخ)

تھانے لوک سبھا حلقہ کی نمائندگی کرنے والے رکن پارلیمان نریش مہسکے کو پارلیمنٹ میں ان کے مؤثر اور سرگرم کردار کے اعتراف میں اس سال کا باوقار ’سنسد رتن‘ ایوارڈ دیا گیا۔ نئی دہلی میں منعقد ایک خصوصی تقریب میں مرکزی پارلیمانی امور اور اقلیتی امور کے وزیر کرن رجیجو نے انہیں یہ اعزاز پیش کیا۔
نریش مہسکے کو یہ ایوارڈ ان کی پہلی ہی پارلیمانی معیاد میں حاصل ہوا ہے، جس پر انہیں مختلف سیاسی، سماجی اور عوامی حلقوں سے مبارکبادیں موصول ہو رہی ہیں۔

ایوارڈ تقسیم کی اس تقریب میں کابینی وزیر کا درجہ رکھنے والے قومی پسماندہ طبقات کمیشن (NCBC) کے صدر ہنس راج گنگارام آہیر، پرائم پوائنٹ فاؤنڈیشن اور ای-میگزین پریزینس کے نمائندے بھی موجود تھے۔ اس موقع پر مہاراشٹر کے سات دیگر اراکین پارلیمان کو بھی ’سنسد رتن‘ ایوارڈ سے نوازا گیا۔

اعزاز حاصل کرنے کے بعد نریش مہسکے نے کہا:
"یہ ایوارڈ مجھے شیوسینا کے سربراہ اور مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کی حمایت، اور شیوسینا پارلیمانی گروپ کے لیڈر ڈاکٹر شری کانت شندے کی رہنمائی کی بدولت حاصل ہوا ہے۔ میں اپنے تمام ووٹروں، مہا یوتی کے عہدیداران، خواتین محاذ، نوجوان کارکنوں اور اپنے تمام شیوسینکوں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔ یہ ایوارڈ میرے لیے اعزاز کے ساتھ ایک بڑی ذمہ داری بھی ہے۔"

یہ ایوارڈ ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام کے مشورے پر 2010 میں پرائم پوائنٹ فاؤنڈیشن اور ای-میگزین پریزینس کے ذریعے شروع کیا گیا تھا۔ پہلا ایوارڈ تقریب چنئی میں منعقد ہوا تھا، جس کا افتتاح خود ڈاکٹر کلام نے کیا تھا۔ یہ ایوارڈ مکمل طور پر سول سوسائٹی کی جانب سے دیا جاتا ہے۔

نریش مہسکے نے اپنا سیاسی سفر بھارتی ودیارتھی سینا سے شروع کیا، پھر بطور کارپوریٹر، قائد ایوان، تھانے کے میئر اور اب رکن پارلیمان تک کا ان کا سیاسی سفر قابلِ تقلید ہے۔ وہ اس وقت مرکزی ہاؤسنگ و اربن افیئرز کمیٹی، ریلوے و آبی مسافر نقل و حمل کمیٹی اور وقف ترمیمی بل 2024 پر تشکیل دی گئی مشترکہ پارلیمانی کمیٹی (JPC) کے رکن کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں۔

پارلیمنٹ میں ان کی مؤثر موجودگی، مدلل تقاریر اور مختلف پارلیمانی کمیٹیوں میں سرگرم شمولیت کی بنیاد پر انہیں یہ باوقار "سنسد رتن" ایوارڈ عطا کیا گیا ہے۔

اپنی رائے یہاں لکھیں

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading