روس نے دارالحکومت ماسکو میں لوگوں کو بڑے پیمانے پر کورونا وائرس کی ویکسین، اسپتنک فائیو، لگانے کا عمل شروع کر دیا ہے۔برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ماسکو میں کورونا وائرس ٹاسک فورس نے کہا ہے کہ ویکسین شہر میں موجود 70 کلینکس میں لگائی جا رہی ہے۔
ٹاسک فورس کا کہنا ہے کہ یہ ویکسین سب سے پہلے ڈاکٹرز اور طبی عملے کے اراکین، اساتذہ اور سماجی کارکنوں کو لگائی جائے گی۔
ماسکو میں ایک دن کے اندر آٹھ ہزار سے زیادہ کورونا کیسز سامنے آئے ہیں۔ماسکو کے میئر سرگئی سوبیانین نے جمعے کو اپنی ذاتی ویب سائٹ پر لکھا کہ ’پہلے پانچ گھنٹوں میں پانچ ہزار افراد نے اپنے آپ کو ویکسین کے لیے رجسٹر کیا جن میں ٹیچرز، ڈاکٹرز، سوشل ورکرز شامل ہیں، ان افراد کو وائرس لگنے کا خدشہ سب سے زیادہ ہے۔‘
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے ایک صحافی نے لوگوں کو ایک نئے سینٹر کے باہر ویکسین لگوانے کے لیے قطار میں اپنی باری کا انتظار کرتے ہوئے دیکھا۔ایک سینٹر کے باہر 42 سالہ انشورنس ورکر نے اے ایف پی کو بتایا کہ ’میں یہ یقینی بنانا چاہتا ہوں کہ کورونا مجھے اور میرے عزیزوں کو متاثر نہ کرے۔‘ان کا کہنا تھا کہ وہ دوبارہ معمول کے مطابق جم جانا چاہتے ہیں اور اپنی زندگی معمول کے مطابق گزارنا چاہتے ہیں۔