ممبئی۔ 31 اکتوبر۔آر ایس ایس نے آج مرکز پر زور دیا کہ وہ سپریم کورٹ میں اس وقت کی کانگریس حکومت کی جانب سے 1994ءمیں کئے گئے وعدے کو پورا کرے۔ کانگریس حکومت نے عدالت میں اس بات سے اتفاق کیا تھا کہ اگر ثبوت ملتا ہے تو وہ ہندو طبقہ کے ساتھ اظہارِ یگانگت کرے گی۔ یہ ثابت ہوجائے کہ بابری مسجد کی تعمیر سے قبل اس مقام پر مندر موجود تھا تو وہاں مندر بنایا جائے گا۔ اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے آر ایس ایس کے جوائنٹ جنرل سیکریٹری منموہن ویدیا نے کہا کہ ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر کا سلسلہ صرف ہندو اور مسلمانوں کی حد تک محدود نہیں ہے۔ سپریم کورٹ نے پیر کے دن کہا تھا کہ ایک مناسب بینچ اس معاملہ کی سماعت شروع کرے گی۔ کانگریس نے کہا تھا کہ عدالت کے فیصلے سے تمام پارٹیوں کو اتفاق کرنا چاہئے اور اس کی پابندی کی جانی چاہئے۔