ریاست میں نومبر کے اختتام پر موسم میں بڑی تبدیلی، بارش کا امکان نہیں، سردی ہوگی


ممبئی ۔ (ورق تازہ نیوز)نومبر کے آخری دنوں میں ریاست کے موسم میں بڑی تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں۔ محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) کی تازہ پیش گوئی کے مطابق ہفتہ 28 نومبر کو ریاست کے کسی بھی حصے میں بارش کا امکان نہیں ہے اور مجموعی طور پر موسم خشک رہنے کی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق رات اور صبح کے اوقات میں سردی کی شدت محسوس کی جائے گی، جبکہ دن کے وقت موسم نسبتاً گرم رہنے کا امکان ہے۔ ریاست میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 سے 36 ڈگری سیلسیس کے درمیان رہنے جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 19 سے 22 ڈگری سیلسیس تک رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

کونکن خطے کے ممبئی، تھانے، پال گھر، رائے گڑھ، رتناگیری اور سندھو درگ اضلاع میں آسمان صاف رہے گا اور بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔

وسطی مہاراشٹر کے ناسک، جلگاؤں، دھولیہ، نندوربار، پونے اور احمد نگر اضلاع میں کم سے کم درجہ حرارت 10 سے 15 ڈگری سیلسیس تک گرنے کا امکان ہے۔ ان علاقوں میں رات اور صبح کے وقت سردی کی شدت میں اضافہ ہوگا، جبکہ دن بھر موسم خشک اور دھوپ والا رہے گا۔

مراٹھواڑہ کے چھترپتی سمبھاجی نگر، جالنہ، بیڑ، لاتور اور ناندیڑ اضلاع میں بھی موسم خشک رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ یہاں کم سے کم درجہ حرارت میں کمی آکر 14 سے 18 ڈگری سیلسیس کے درمیان رہنے کا امکان ہے، جبکہ دن کے وقت موسم گرم رہے گا۔