نئی دہلی: ہندوستان میں ذوالحجہ کا چاند جمعہ کی شام کو نظر آ گیا ہے۔ 3 اگست بروز ہفتہ سے ذوالحجہ 1440 کا آغاز ہوگا اور عید الاضحیٰ 12 اگست 2019 بروز پیر منائی جائے گی۔ اس حوالہ سے متعدد مصدقہ خبریں موصول ہوئی ہیں۔ واضح رہے کہ سعودی عرب میں گزشتہ روز چاند نظر آ گیا تھا اور اور وہاں 2 اگست بروز جمعہ کو یکم ذوالحجہ سن 1440 ہجری ہوگا۔
مرکزی رویت ہلال کمیٹی جامع مسجد دہلی کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں چاند نظر آنے کی تصدیق کی گئی۔ پریز ریلیز میں لکھا ہے، ’’آج 2 اگست 2019 جمعہ کے روز ماہ ذی الحجہ کا چاند نظر آ گیا ہے۔ لہٰذا مرکزی رویت ہلال کمیٹی جامع مسجد دہلی کے اجلاس میں فیصلہ لیا گیا کہ یکم ذی الحجہ 3 اگست 2019 ہفتہ کے روز ہے اور عید الاضحیٰ 12 اگست 2019 پیر کے روز ہے۔‘‘

قبل ازیں، لکھنؤ سے موصول ہونے والی خبر کے مطابق نماز جمعہ کے بعد مسجدوں سے عید الاضحیٰ پر ہونے والی قربانی کے حوالہ سے مسلمانوں سے احتیاط برتنے کی اپیل کی گئی۔ مولانا خالد رشید فرنگی محلی نے اس حوالہ سے میڈیا سے بتایا کہ علما سے کہا گیا تھا کہ وہ نماز کے بعد لوگوں سے اپیل کریں کہ وہ کھلے مقامات پر جانوروں کو ذبح نہ کریں۔ علاوہ ازیں جانوروں کے گوشت اور باقیات کو کھلے مقامات پر نہ پھینکے بلکہ انہیں دفن کر دیں۔ اس کے علاوہ قربانی کی تصاویر نہ کھینچے اور انہیں سوشل میڈیا پر قطعی نہ ڈالیں۔
قبل ازیں، عرب میڈیا کے مطابق سعودی عرب کے وسطی علاقے کاتمیرر صدگاہ سے ذوالحج کا چاند نظر آنے کی شہادت موصول ہوئی، سعودی حکومت نے شہریوں سے اپیل کی تھی کہ وہ چاند کی رویت کے حوالے سے شہادتوں سے حکومت کو آگاہ کریں۔
عرب میڈیا کے مطابق جمعہ 2 اگست یکم ذوالحجہ ہوگا، حج کا رکنِ اعظم یعنی وقوفِ عرفہ ہفتہ 10 اگست (9 ذوالحجہ) کو ادا کیا جائے گا جبکہ سعودی عرب میں اتوار 11 اگست کو عید الاضحیٰ کا پہلا روز ہوگا۔ سعودی عرب کے علاوہ دیگر خلیجی ممالک میں بھی عیدالاضحیٰ اتوار 11 اگست کو ہوگی۔
ادھر بنگلہ دیش میں بھی آج ذول الحجہ کا چاند نظر آ گیا اور وہاں بھی عید الاضحیٰ 12 اگست کو ہی منائی جائے گی۔
یہ ایک سینڈیکیٹیڈ فیڈ ہے ادارہ نے اس میں کوئی ترمیم نہیں کی ہے. – Source بشکریہ قومی آواز بیورو—-
