دہلی کے شاہین باغ علاقے میں بھیانک آتشزدگی۔ مسجد کو بھی نقصان

نئی دہلی:دہلی کے شاہین باغ میں زبردست آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا ہے جس میں لاکھوں کی مالیت کے نقصان کا اندازہ لگایا جا رہا ہے۔ آگ شاہین باغ ٹھوکر نمبر 7 اور 8 کے درمیان موجود فرنیچر مارکیٹ میں لگی ہے جس کے قریب ایک مسجد بھی موجود ہے، آگ کی لپٹیں اس مسجد تک بھی پہنچنے کی خبر ہے۔ فائر بریگیڈ کی گاڑیاں کافی دیر سے موقع پر پہنچیں جس کی وجہ سے نقصان زیادہ ہو گیا ہے۔

خبروں کے مطابق پہلے آگ فرنیچر مارکیٹ میں ہی لگی تھی جو بعد میں آس پاس تیزی کے ساتھ پھیلنے لگی۔ آگ لگنے کے بعد شاہین باغ کی کچھ مساجد سے اعلان بھی کیا گیا تاکہ لوگ آگ بجھانے کے لیے ضروری اقدامات کریں۔ چونکہ کورونا وائرس کی وجہ سے پورے ملک میں لاک ڈاؤن ہے اس لیے آگ لگنے کی خبر لوگوں کو مسجد سے اعلان کیے جانے کے بعد ہی لگی اور درجنوں لوگ جائے واقعہ پر پہنچ گئے۔ اس دوران مسجد کو نقصان نہ پہنچے اس کے لیے کوششیں کی گئیں اور مسجد سے پائپ نکال کر کچھ لوگوں نے آگ بجھانی شروع کر دی