داؤد ابراہیم کے بھائی اقبال کسکر سے پولس خوفزہ؟

دواخانہ میں بریانی ، سگریٹ اور رشتہ داروں سے ملاقات کا موقع دینے پر 5 پولیس ملازمین معطل

تھانے ۔ /27 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) داؤد ابراہیم کے بھائی اقبال کسکر کے ساتھ جیل میں وی آئی پی برتاؤ کرنے اور علاج کے لئے دواخانہ میں شریک کرنے کے دوران پولیس کی جانب سے بریانی ، سگریٹ فراہم کرنے کی پاداش میں 5 پولیس ملازمین کو معطل کیا گیا ۔ جوائنٹ کمشنر تھانے پولیس مدھکر پانڈے کے معطلی کے احکام جاری کئے ہیں لیکن پولیس نے معطل شدہ پولیس ملازمین کے نام ظاہر نہیں کئے ۔ اقبال کسکر کو گزشتہ سال زبردستی رقومات کی وصولی کیس میں گرفتار کیا گیا تھا ۔ اس نے جمعرات کو دانت میں درد اور سینے میں تکلیف کی شکایت کی تھی جس پر اسے علاج کے لئے سیول ہاسپٹل میں شریک کیاگیا ۔ مقامی خانگی نیوز چیانل کی جانب سے کی گئی خفیہ کارروائی اسٹینگ آپریشن میں اقبال کسکر کے ساتھ خاص برتاؤ کرنے کے واقعہ کو کیمرہ میں قید کرلیا گیا تھا ۔ ذرائع نے بتایا کہ ایک سب انسپکٹر سمیت پانچ پولیس ملازمین اس کی نگرانی کررہے تھے ۔

سرکاری دواخانہ میں 10 گھنٹوں کیلئے شریک تھا ۔ عدالت نے اس کے علاج کے لئے اور خون میں شوگر کی سطح کی جانچ کروانے کی ہدایت دی تھی ۔ لیکن اسے سرکاری ہاسپٹل میں گھومنے پھرنے اور رشتہ داروں سے ملاقات کرتے ہوئے دکھایا گیا ۔ وہ پولیس کے سامنے بریانی کھاتے اور سگریٹ پیتے ہوئے بھی دیکھا گیا ۔ اس کے بعد اس نے اس کے ساتھ خاص رعایت کرنے والوں میں روپئے بھی تقسیم کئے ، یہ منظر بھی ویڈیو میں دکھایا گیا ۔ اپنے ساتھ آنے والے پولیس ملازمین سے دوستانہ ماحول میں گھل مل گیا تھا وہ خوش دکھائی دے رہا تھا ۔ بریانی کھانے اور سگریٹ پینے کے بعد وہ جیل واپس ہوا ۔ اس واقعہ کا سخت نوٹ لیتے ہوئے پولیس کے سینئر عہدیداروں نے پانچ پولیس ملازمین کو معطل کردیا ۔ جیل میں محروس کئی مجرمین سرکاری دواخانوں میں علاج کی سہولت سے استفادہ کرتے ہیں۔ کسکر کو تھانے سنٹرل جیل میں رکھا گیا ہے ۔ مکوکا کے تحت اس پر مقدمہ چل رہا ہے ۔ ڈپٹی کمشنر پولیس تھانے کرائم برانچ دیپک دیوراج نے کہا کہ کسکر کے ساتھ خاص برتاؤ کا منظر چیانل پر عام ہوتے ہی کارروائی کی گئی ہے اس سے پہلے بھی کسکر کو کئی مرتبہ دواخانہ لایا گیا تھا لیکن اس مرتبہ اسے پولیس کی موجودگی میں سگریٹ پیتے ہوئے اور اسے مبینہ طور پر بریانی لاکر دینے والے پولیس ملازمین کو پیسے دیتے ہوئے بتایا گیا ہے ۔ تھانے سیول ہاسپٹل کے سیول سرجن کیلاش پوار نے توثیق کی کہ کسکر کو دواخانہ لایا گیا تھا ۔ اس نے دانت میں شدید تکلیف کی شکایت کی اور دانت نکال کر نیا دانت بٹھانے کی خواہش کی لیکن کسکر شوگر کا مریض ہے اس لئے ہم نے اس کے خون کے نمونے حاصل کرلیئے ہیں ۔

اپنی رائے یہاں لکھیں

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading