خالدہ ضیا کو بیرون ملک علاج کی اجازت دینے پر زور

بروقت علاج نہ ہونے پر ان کی جان کو خطرہ :بنگلہ دیشی ڈاکٹرز
ڈھاکہ: موجودہ وزیر اعظم شیخ حسینہ کی سخت مخالف 76 سالہ خالدہ ضیا کو جگر کی بیماری کی تشخیص ہوئی ہے۔ بیمار اپوزیشن رہنما اور سابق وزیر اعظم خالدہ ضیا کا علاج کرنے والے بنگلہ دیشی ڈاکٹروں نے کہا ہے کہ اگر انہیں علاج کے لیے بیرون ملک جانے کی اجازت نہ دی گئی تو ان کی جان کو خطرہ ہے۔انہوں نے کہا کہ اس بات کا 50 فیصد امکان ہے کہ خالدہ ضیا کو اگلے ہفتے میں ایک مرتبہ پھر خون بہنے کا سامنا کرنا پڑے گا اور 70 فیصد امکان ہے کہ یہ اگلے 6 ہفتوں میں ہوگا۔انہوں نے کہا کہ خون کے بہاؤ پر قابو پانے کے امکانات بہت کم ہیں، ’اس صورت میں ان کی موت کا خطرہ زیادہ ہے، اگر ہم مریض کی جان بچانا چاہتے ہیں تو ہمیں ٹی آئی پی ایس کرنے کی ضرورت ہے‘۔واضح رہے کہ ٹی آئی پی ایس ایک جدید ترین طبی طریقہ کار ہے جو اندرونی سطح پر خون کے بہاؤ کو روکنے میں مدد فراہم کرتا ہے، یہ صرف ترقی یافتہ ممالک جیسے امریکہ، برطانیہ اور جرمنی میں دستیاب ہے۔

Leave a comment