اتر پردیش کے شہر کورکھپو میں ایک منفرد اور جذباتی شادی نے سب کی توجہ اپنی جانب مبذول کر لی ہے۔ شادی کے دن بائیک سے گر کر زخمی ہونے والی دلہن کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں اسے آئی سی یو میں داخل کیا گیا۔
جیسے ہی دلہے کو دلہن کے اسپتال پہنچنے کی خبر ملی، اس نے ایک غیر معمولی فیصلہ کرتے ہوئے پوری بارات کے ساتھ اسپتال کا رخ کیا۔ دونوں خاندانوں—لڑکی والوں اور لڑکے والوں—کی رضامندی کے بعد دلہا اسپتال پہنچا اور آئی سی یو میں ہی شادی کی رسم ادا کی۔
رپورٹ کے مطابق، آئی سی یو کے اندر دلہا روایتی شادی کے لباس میں موجود تھا، جبکہ دلہن اسپتال کے لباس میں بستر پر لیٹی ہوئی تھی۔ اسی حالت میں دلہے نے دلہن کی مانگ میں سندور بھرا، جبکہ پنڈت نے منتر پڑھ کر دونوں کو سات پھیرے اور سات وعدے بھی دلوائے۔
یہ واقعہ گورکھپور شہر سے تقریباً 40 کلومیٹر دور جنوبی دیہی علاقے، تھانہ بانسگاؤں کے ہٹوار گاؤں کا ہے، جہاں کی رہائشی پوجا یادو کی شادی مہادیوا بازار کے مہوا گاؤں کے رہنے والے سنی یادو سے نومبر 2025 میں طے ہوئی تھی۔ دونوں خاندانوں کی رضامندی سے 13 مئی 2026 کو شادی کی تاریخ مقرر تھی، مگر اچانک پیش آئے حادثے نے خوشیوں کے ماحول کو وقتی طور پر متاثر کر دیا۔تاہم، اس غیر معمولی اقدام نے اس شادی کو یادگار بنا دیا اور اب یہ واقعہ پورے علاقے میں موضوعِ بحث بنا ہوا ہے۔