ناندیڑ، 15 مئی: (ورق تازہ نیوز)شہر ناندیڑ میں غیر قانونی ہورڈنگز اور بینرز کے خلاف سخت کارروائی کے لیے ضلع کلکٹر دفتر کے منصوبہ بھون میں ایک اہم مشترکہ اجلاس منعقد ہوا۔ اس اجلاس میں عوامی نمائندوں، تمام سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں اور اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں میئر سُوشری کویتا سنتوش مولے، ضلع کلکٹر راہل کردی لے، پولیس سپرنٹنڈنٹ ابھیناش کمار، میونسپل کمشنر ڈاکٹر مہیش کمار دوئیفوڈے، ریزیڈنٹ ڈپٹی کلکٹر کیرن امبیکر سمیت دیگر اعلیٰ افسران اور نمائندگان موجود تھے۔
اجلاس کے آغاز میں ریاستی حکومت کی ہدایات اور ہائی کورٹ کے احکامات کے مطابق شہر میں اشتہاری ہورڈنگز کے ضوابط اور کنٹرول کے نظام پر تفصیلی پریزنٹیشن پیش کی گئی۔ حکام نے واضح کیا کہ شہر میں بڑھتی ہوئی غیر قانونی بینر بازی کو روکنے کے لیے میونسپل کارپوریشن اور پولیس محکمہ مشترکہ کارروائی کریں گے۔
پولیس سپرنٹنڈنٹ ابھیناش کمار نے یقین دہانی کرائی کہ کارروائی کے دوران میونسپل عملے کو مکمل پولیس تحفظ فراہم کیا جائے گا۔ بغیر اجازت ہورڈنگ لگانے والوں کے خلاف براہِ راست فوجداری مقدمات (FIR) درج کیے جائیں گے، جبکہ قانونی ہورڈنگز کا بھی حفاظتی نقطۂ نظر سے اسٹرکچرل آڈٹ کیا جائے گا۔

میونسپل کمشنر ڈاکٹر مہیش کمار دوئیفوڈے نے کہا کہ شہر میں ہورڈنگز پر مکمل پابندی نہیں بلکہ صرف غیر قانونی ہورڈنگز پر پابندی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہورڈنگ کی اجازت کے لیے آن لائن نظام موجود ہے، جس کے تحت 48 گھنٹوں کے اندر اجازت دی جاتی ہے۔ کم از کم تین دن کے لیے بینر اور ہورڈنگ لگانے کی اجازت کم فیس میں دستیاب ہے۔
ضلع کلکٹر راہل کردی لے نے کہا کہ غیر قانونی ہورڈنگز سے شہر کی خوبصورتی متاثر ہوتی ہے، اس لیے تمام شہریوں اور سیاسی جماعتوں کو ضابطوں پر عمل کرنا ضروری ہے۔ میئر کویتا مولے نے زور دیا کہ شہر کو صاف اور منظم رکھنے کے لیے "سب کے لیے یکساں قانون” پر عمل ضروری ہے۔
اجلاس میں مختلف سیاسی جماعتوں کے نمائندوں نے مطالبہ کیا کہ کارروائی میں کسی بھی طرح کا امتیاز نہ برتا جائے اور تمام پر یکساں قوانین نافذ کیے جائیں۔ ساتھ ہی رہنماؤں سے اپیل کی گئی کہ وہ اپنے کارکنوں کو غیر قانونی فلیکس نہ لگانے کی ہدایت دیں۔
سماجی تنظیموں کے نمائندوں نے بھی شہر کی خوبصورتی برقرار رکھنے اور عوام کی حفاظت کے لیے انتظامیہ سے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔