حماس کی جنگ بندی کے بدلے یرغمالیوں کو رہا کرنے کی پیشکش، غزہ میں ہلاکتوں کی تعداد 4000 سے تجاوز کر گئی

غزہ میں 203 اسرائیلی یرغمالیوں میں سے کئی کی رہائی کے لیے بات چیت جاری ہے اور حماس نے فوری جنگ بندی کے بدلے کچھ یرغمالیوں کو رہا کرنے کی پیشکش کی ہے۔ دوسری جانب اقوام متحدہ نے اسرائیل سے غزہ کا محاصرہ ختم کرنے کا مطالبہ کیا کیونکہ شہریوں کو فوری طور پر انسانی امداد کی ضرورت ہے۔

فلسطینی حکام کے مطابق غزہ میں ہلاکتوں کی تعداد 4000 سے تجاوز کر گئی ۔ فلسطینی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ غزہ میں 7 اکتوبر سے اب تک ہلاکتوں کی تعداد 4,137 تک پہنچ گئی ہے جبکہ حماس اور اسرائیل کے درمیان لڑائی تاحال جاری ہے۔ انھوں نے بتایا کہ غزہ میں 13 ہزار سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔ 7 اکتوبر کو حماس کے حملوں کے بعد سے اسرائیل غزہ کی پٹی پر بھاری بمباری جاری رکھے ہوئے ہے۔

خلاصہ

  1. غزہ کے لیے امداد کی پہلی کھیپ کے 20 ٹرک مصر کی رفح کراسنگ سے آج غزہ کے لیے روانہ کیے جانے ہیں۔
  2. غزہ پر اسرائیلی فضائیہ کی بمباری میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 4137 ہو گئی ہے جبکہ اسرائیل کا کہنا ہے کہ حماس کے حملوں میں اس کے 1400 سے زیادہ شہری ہلاک ہوئے
  3. اقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ ’دنیا اپنی انسانیت کھو رہی ہے‘ اور پورے خطے میں تشدد پھیل سکتا ہے۔
  4. امریکہ کے صدر جو بائیڈن نے قوم سے اپنے خطاب میں کہا ہے کہ اسرائیل اور یوکرین کی کامیابی کو یقینی بنانا امریکہ کی قومی سلامتی کے لیے بہت ضروری ہے
  5. صدر بائیڈن کی اسرائیل کو ’جنگی قوانین‘ کو مدنظر رکھنے کی ہدایت: اسرائیل کی مصر کے راستے غزہ میں امداد کی آمد میں رکاوٹ نہ ڈالنے کی یقین دہانی
  6. اسرائیل کا کہنا ہے کہ الاہلی ہسپتال پر اس نے حملہ نہیں کیا بلکہ وہ غزہ سے ہی داغے گئے راکٹ کا نشانہ بنا
  7. اسرائیلی دفاعی افواج کے مطابق سات اکتوبر کو حماس کے حملے کے بعد سے اب تک 306 اسرائیلی فوجی ہلاک ہو چُکے ہیں۔
  8. اقوام متحدہ کے مطابق غزہ پر بمباری کے بعد وہاں سے قریباً 10 لاکھ فلسطینیوں نے نقل مکانی کی ہے جنھیں ’فوری مدد‘ کی ضرورت ہے
  9. اسرائیلی فوج نے غزہ میں یرغمال بنائے جانے والے افراد سے متعلق تازہ اعداد و شمار جاری کیے ہیں، انتظامیہ کی جانب سے کہا جا رہا ہے کہ یرغمالیوں کی تعداد 203 ہے