
پاکستان سپر لیگ کے چھٹے سیزن کے انعقاد میں ابھی وقت ہے لیکن اتوار کی شب پی ایس ایل کے چھٹے سیزن کا ذکر پاکستان کے سوشل میڈیا پر اس وقت دیکھنے میں آیا جب پاکستان میں بے حد مقبول ہونے والے ترک ڈرامے ارطغرل غازی کی اہم کردار حلیمہ سلطان یعنی اداکارہ اسرا بِلگِچ کا نام ٹاپ ٹرینڈ کرنے لگا۔
اس کی وجہ ترک ڈرامے ارطغرل غازی میں مرکزی کردار حلیمہ سلطان ادا کرنے والی اداکارہ اسرا بلگچ کی جانب کی گئی ٹویٹ تھی جس میں انھوں نے پشاور زلمی فرنچائز اور اس کے سربراہ جاوید آفریدی کو ٹیگ کرتے ہوئے ٹویٹ کیا جس میں انھوں نے لکھا کہ ’میں بہت جلد آپ کو ایک اچھی خبر سناؤں گی۔‘

اس ٹویٹ کا پس منظر یہ ہے کہ یکم جولائی کو پشاور زلمی کے سربراہ جاوید آفریدی نے اپنے ایک ٹویٹر پیغام میں سوشل میڈیا صارفین سے پوچھا تھا کہ ‘اگر ارطغرل غازی پشاور زلمی کے سفیر یا برانڈ ایمبیسیڈر کے طور پر آئیں تو آپ کیا کہیں گے۔‘
اور پھر انھوں نے حلیمہ سلطان کو بھی پشاور زلمی کے برانڈ ایمبیسڈر کے لیے پیشکش کی تھی۔
ترک اداکارہ اسرا بلگچ کی جانب سے اتوار کی شب کی گئی ٹویٹ کے جواب میں جاوید آفریدی نے ان کا شکریہ ادا کیا۔
یاد رہے کہ پاکستان میں بے حد مقبول ہونے والے ترک ڈرامے ارطغرل غازی کا مرکزی کردار ترک اداکار اینگن التان دُوزیاتن اور حلیمہ سلطان کا کردار اسرا بلگچ نے نبھایا ہے۔ اور یہ دونوں اداکار اس وقت پاکستان میں بے حد مقبول ہیں۔
اتوار کی شب اسرا بلگچ کی جانب سے پشاور زلمی کے سربراہ کو ٹیگ کر کے اچھی خبر کا عندیہ دینا تھا کہ پاکستان میں سوشل میڈیا صارفین نے ان کے اس پیغام کا خیر مقدم کرتے ہوئے اپنے آرا کا اظہار کرنا شروع کر دیا۔
عدنان احمد نامی ایک صارف نے پشاور زلمی کے سربراہ جاوید آفریدی کے نام ایک پیغام ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’اگر آپ ان دونوں اداکاروں کو پشاور زلمی کا برانڈ ایمبیسڈر بنانے کا اعلان کر دیں تو یہ انڈین اور یورپی شہریوں سے ایک بڑا انوکھا انتقام ہو گا۔‘
جبکہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر اور پشاور زلمی کے کھلاڑی وہاب ریاض بھی اس بحث میں پیچھے نہ رہے اور انھوں نے بھی ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’جاوید بھائی اس اچھی خبر کا منتظر ہوں۔‘