نئی دہلی 2 ستمبر (یو این آئی) ھمدرد نیشنل فاؤنڈیشن نے حامد احمد کو جامعہ ھمدرد یونیورسٹی کا نیا چانسلر مقرر کیا ہے۔جواں سال چانسلر حامد احمد نے اپنے اس باوقار عہدے کا چارج باضابطہ طور پر سنبھال لیا ہے۔وہ ھمدرد نیشنل لیباریٹریز کے ٹرسٹی اور فوڈ ڈویژن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیں ۔انہوں نے 2017ء سے ھمدرد نیشنل فاؤنڈیشن کے سکریٹری کا اہم عہدہ بھی سنبھال رکھا ہے۔ حامد احمد نےجامعہ ھمدرد یونیورسٹی کے چانسلر کے عہدے کو قبول کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے خاندان کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے جامعہ ھمدرد یونیورسٹی کو مزید بلندیوں پر لے جانے کے لئے ہر ممکن کوشش کریں گے اور اسکے لئے اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں گے۔

عالمی شہرت یافتہ ھمدرد قوم و ملت مرحوم حکیم عبدالحمید کے چھوٹے فرزند حماد احمد کے سب سے بڑے فرزند حامد احمد نے برطانیہ سے بزنس مینیجمینٹ میں تعلیم حاصل کی ھے۔لندن میں تعلیم مکمل کرنے کےبعد 2000ء میں وہ ھندوستان واپس لوٹ آئے۔ اس سے قبل انہوں نے دہلی یونیورسٹی سے معاشیات میں گریجویشن کیا ھے۔ ان کے دادا نے ان کی اعلی انتظامی صلاحیتوں اور یونانی دواؤں اور اس طریقۂ علاج میں مکمل دلچسپی کو دیکھتے ہوئے 1995ء میں ہی انہیں اپنے بین الاقوامی شہرت یافتہ ادارے ھمدرد میں بطور ڈائریکٹر شامل کر لیا تھا۔