جنگی حالات میں ضلعی انتظامیہ تیار!
ضلع کلکٹر کا حکم: محفوظ پناہ گاہوں سمیت تمام نظام کو تازہ ترین رکھا جائے

تھانے (آفتاب شیخ)
ملک میں موجودہ جنگ جیسی صورتحال کے تناظر میں ضلعی انتظامیہ نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے ضلع میں تمام حفاظتی اور ہنگامی نظام کو مستعد اور مضبوط بنانے کے لیے اہم اقدامات کا آغاز کر دیا ہے۔ ضلع کلکٹر اشوک شنگارے کی صدارت میں آج کلکٹر آفس میں ایک ہنگامی میٹنگ منعقد ہوئی، جس میں تمام اہم ضلعی افسران اور محکموں کے نمائندے موجود تھے۔
میٹنگ میں ضلع کلکٹر نے واضح ہدایت دی کہ ضلع میں موجود محفوظ پناہ گاہوں کی فوری نشاندہی کی جائے، ان میں تمام بنیادی سہولیات دستیاب ہوں، اور ضلعی کنٹرول روم 24 گھنٹے فعال رکھا جائے۔ اس کے ساتھ ہی حساس مقامات کی نشاندہی، سائرن نظام کی جانچ اور حفاظتی اقدامات کا فوری جائزہ لینے کی ہدایت بھی دی گئی۔
ضلع کلکٹر نے افسران سے کہا، "یہ وقت ملک اور سماج کے لیے مل کر کام کرنے کا ہے۔ ہر شخص کو اپنی ذمہ داری سمجھنی چاہیے۔ فوری ردعمل، درست تیاری اور بلا تاخیر ڈیوٹی انجام دینا ہماری اولین ترجیح ہونی چاہیے۔" انہوں نے تمام افسران اور عملے کو چھٹیوں سے واپس بلا کر ہمہ وقت تیار رہنے کا حکم دیا۔
انہوں نے اس موقع پر سماجی تنظیموں کے تعاون پر بھی زور دیا اور ان کی تفصیلات اپ ڈیٹ رکھنے کی ہدایت جاری کی، تاکہ ضرورت پڑنے پر فوری مدد حاصل کی جا سکے۔ اشیاء خوردنی، طبی سامان اور دیگر ضروری وسائل کی فہرستیں مرتب کرنے اور سپلائرز کی معلومات تازہ رکھنے کے احکامات بھی دیے گئے۔
اس اہم میٹنگ میں چیف ایگزیکٹیو آفیسر روہن گھُوگے، جوائنٹ کمشنر آف پولیس ڈاکٹر دیانیشور چوان، ایڈیشنل ضلع کلکٹر ہریش چندر پاٹل، ریزیڈنٹ ڈپٹی کلکٹر ڈاکٹر سندیپ مانے، میونسپل کارپوریشن کے افسران، سول ڈیفنس فورس، فوج اور فضائیہ کے نمائندے، اور مختلف محکموں کے اعلیٰ افسران موجود تھے۔
یہ ہنگامی اجلاس اور اس میں دی گئی ہدایات ضلعی سطح پر ڈیزاسٹر مینجمنٹ نظام کو جنگی حالات کے تقاضوں کے مطابق مؤثر اور فعال بنانے کی سمت میں ایک اہم قدم قرار دیے جا رہے ہیں۔