تھانے میں دھنگر رتن ایوارڈ تقریب جوش و خروش کے ساتھ منعقد
مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والے 10 ممتاز افراد کو ایوارڈ سے نوازا گیا
تھانے، 16 جون (آفتاب شیخ)
دھنگر پرتشٹھان، تھانے ضلع اور دھنگر پرتشٹھان مہیلا منڈل کے زیر اہتمام "دھنگر رتن ایوارڈ" کی پروقار تقریب اتوار کے روز تھانے میونسپل کارپوریشن کے ہیڈکوارٹر میں واقع آنجہانی نریندر بلّاڑ ہال میں جوش و خروش کے ساتھ منعقد ہوئی۔
تقریب میں مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی پیش کرنے والے دھنگر سماج کے معزز افراد کو "دھنگر رتن ایوارڈ" سے نوازا گیا۔ اس موقع پر رکن پارلیمنٹ نریش مہسکے، رکن اسمبلی سنجے کیلکر، مہاویترن کے ڈائریکٹر مروہری کیلے، صنعت کار سندیش کویتکے، سابق کارپوریٹر نندنی وچارے، کوکن ریجن اربن سیلریڈ کوآپریٹو کریڈٹ فیڈریشن کی ڈائریکٹر درشنا یوگیش جانکر، سینئر صحافی سبھاش بوندڑے، معروف مجسمہ ساز شرد مالنکر، سماج کے بزرگ رہنما بابا صاحب دگڑے، پرتشتھان کے صدر دیپک کُرکُنڈے، مہلا منڈل کی صدر مادھوی بارگیر اور دیگر معززین موجود تھے۔
تقریب میں جن معزز شخصیات کو "دھنگر رتن ایوارڈ" سے نوازا گیا ان میں سندیپ پندھارے (کھیل)، ڈاکٹر اشوک مانے (طبی شعبہ)، نیتا راجیش وارے (سرکاری خدمات)، وکرانت سماسے (کاروبار)، اکھیلش پال (سماجی خدمات)، پردیپ شینڈگے (سیاست)، سبھاش بوندڑے (صحافت)، پردیپ جانکر (تعلیم)، بیرو کھاندیکر (فنون لطیفہ) اور "پُنیشلوک اہلیادیوی متر منڈل" ملنڈ مہاڈا کالونی، ممبئی (سماجی تنظیم) شامل ہیں۔ اس کے علاوہ 10ویں اور 12ویں جماعت میں کامیاب ہونے والے طلباء کو بھی اعزاز سے نوازا گیا۔
اس موقع پر رکن پارلیمنٹ نریش مہسکے نے اپنے خطاب میں عظیم المرتبت اہلیادیوی ہولکر کی حیات اور کارناموں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ وہ نہ صرف ایک عظیم حکمران تھیں بلکہ سماجی انصاف کی علمبردار بھی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ اہلیادیوی نے مذہبی تعمیرات کے ساتھ ساتھ عوامی فلاح و بہبود کے بے شمار کام کیے جن کی مثال آج بھی دی جاتی ہے۔
رکن اسمبلی سنجے کیلکر نے بھی اہلیادیوی کے کارناموں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی تعلیمات آج بھی معاشرے اور خاص طور پر خواتین کے لیے مشعل راہ ہیں۔ کیلکر نے کہا کہ اہلیادیوی کی 300ویں جینتی کے موقع پر وہ خود مرہٹواڑہ میں ان مقامات پر گئے جہاں اہلیادیوی نے تاریخی تعمیرات انجام دی تھیں۔
تقریب کو کامیاب بنانے میں پرتشتھان کے کارگزار صدر مہیش گنڈ، سکریٹری تشار دھایگڑے، خازن انل جارگ، نائب صدر کمار پالسے، راجیش ویرکر، تشہیر سربراہ سچن بدھے، نائب خازن سریش بھاند، مشیر دلیپ کویتکے، سری کانت رایکر، منوہر ویرکر، پرساد وارے، گنیش بارگیر اور دیگر عہدیداران و کارکنان نے انتھک محنت کی۔ اسی طرح مہلا منڈل کی نائب صدر سنگیتا کھٹاؤکر، سیکریٹری گایتری گنڈ، خازن بھارتی پیسے اور دیگر خواتین کارکنان کی بھی نمایاں خدمات رہیں۔
یہ تقریب نہ صرف ایک اعزازاتی پروگرام تھا بلکہ دھنگر سماج کی یکجہتی اور ترقی کا مظہر بھی ثابت ہوئی۔