تھانے میونسپل ملازمین کے لیے دیوالی کا تحفہ
نائب وزیراعلیٰ ایکناتھ شندے کا فیصلہ — 24 ہزار 500 روپے ایکس گریشیا گرانٹ منظور

تھانے (آفتاب شیخ) — مہاراشٹر کے نائب وزیراعلیٰ ایکناتھ شندے نے تھانے میونسپل کارپوریشن کے ملازمین کو اس سال دیوالی کے موقع پر 24 ہزار 500 روپے ایکس گریشیا گرانٹ دینے کی ہدایت جاری کی ہے۔ یہ ہدایت میونسپل کمشنر سؤرَبھ راؤ کو دی گئی ہے۔ اس فیصلے سے تھانے میونسپل کارپوریشن کے 9 ہزار 221 ملازمین کی دیوالی خوشیوں سے منور ہو گئی ہے۔
گزشتہ سال ملازمین کو 24 ہزار روپے گرانٹ دی گئی تھی، جبکہ اس سال 500 روپے کا اضافہ کرتے ہوئے 24 ہزار 500 روپے ایکس گریشیا گرانٹ منظور کی گئی ہے۔ یہ رقم جلد ہی ملازمین کے کھاتوں میں جمع کر دی جائے گی۔
نائب وزیراعلیٰ ایکناتھ شندے نے کہا کہ میونسپل ملازمین پورے سال شہر کے نظم و نسق کو درست رکھنے کے لیے دن رات محنت کرتے ہیں، اس لیے تہوار کے موقع پر ان کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے یہ خصوصی گرانٹ دی جا رہی ہے۔
اس فیصلے سے تھانے میونسپل کارپوریشن پر تقریباً 23 کروڑ روپے کا اضافی مالی بوجھ آئے گا۔ گرانٹ کا فائدہ 6 ہزار 59 مستقل ملازمین، 774 تعلیمی شعبہ کے ملازمین، 1 ہزار 400 ٹرانسپورٹ شعبہ کے مستقل ملازمین، ڈائریکٹ کنٹریکٹ اسٹاف اور دیگر 988 ملازمین کو ملے گا۔
فیصلے کے اعلان کے بعد میونسپل ملازمین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے اور سبھی نے نائب وزیراعلیٰ ایکناتھ شندے کا شکریہ ادا کیا ہے۔