گنگا ندی کی آبی سطح میں ہورہے اضافہ کی وجہ سے بہارمیں مونگیر ضلع کے مونگیر اور جمال پور بلاک کی آٹھ پنچایتوں کے قریب پچاس گاﺅں میں سیلاب کا پانی داخل ہو گیا ہے۔ ضلع مجسٹریٹ راجیش مینا نے آج یہاں بتایا کہ ضلع انتظامیہ کی جانب سے سیلاب سے گھرے گاﺅں والوں کو سیلاب راحت کیمپوں تک پہنچانے کاکام جنگی سطح پر جاری ہے ۔ گنگا ندی کی آبی سطح میں اضافہ کی وجہ سے مونگیر اور جمال پور بلاک کے کوتل پور ، جعفر نگر ، ٹیکا رام پور ، تارا پور دیارا، مرزا پور بردھے ، بریار پور جنوب اور بریار پور مشرقی پنچایتوں کے قریب پچاس گاﺅں سیلاب کی زد میں آگئے ہیں۔ راجیش مینا نے بتایاکہ ان پنچایتوں میں سیلاب سے گھرے گاﺅں والے اونچے اور محفوظ مقامات پر پناہ لے رہے ہیں۔
راجیش مینا نے بتایاکہ گنگا کنارے کے سبھی سرکاری اسکولوں کو سیلاب راحت کیمپوں میں تبدیل کر دیا گیا ہے ۔ جہاں روشنی ، بیت الخلاءاور پانی پینے کے انتظامات کر دیئے گئے ہیں۔ مونگیر میں گنگا ندی کی سطح آب آج صبح خطرے کے نشان سے پندرہ سینٹی میٹر اوپر ہے ۔
دریں انثاءضلع کے فردا گاﺅں کے چھ مویشی پرور کل گنگا کے سیلاب میں اس وقت ڈوبنے سے بال بال بچے جب مونگیر ہیڈکوارٹر کے گنگا کنارے پر تعینات سیلاب راحت ٹیم کے غوطہ خوروں نے انہیں ڈوبتے ہوئے دیکھا ۔ سبھی مویشی پرور اپنے ساتھ مویشیوں کو بچانے کی کوشش میں خود ڈوبنے لگے تھے ۔ اسی دوران سیلاب راحت ٹیم کے غوطہ خوروں نے لائف۔ بوٹ سے گنگا کی تیز لہروں میں پہنچ کر فردا دیارا کے چھ مویشی پروروں کو ڈوبنے سے بچالیا۔ حالانکہ لگ بھگ ساٹھ بھینس گنگا کی تیز لہروں میں بہہ گئیں۔
یہ ایک سینڈیکیٹیڈ فیڈ ہے ادارہ نے اس میں کوئی ترمیم نہیں کی ہے. – Source بشکریہ قومی آواز بیورو—-
