بم دھماکہ کے بعد سری لنکا حکومت کا بڑا قدم، مُسلم خواتین مشکل میں

کولمبو، 29 اپریل ( ایجنسیز ) سری لنکا میں قومی اور عوامی سلامتی کے پیش نظر ملک میں برقعہ اور حجاب پہننے پر پابندی لگا دی گئی ہے۔سری لنکا کے صدر مائتری پالا سری سینا نے پیر کو کہا کہ انہوں نے ایمرجنسی حالات میں یہ قدم اٹھایا ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق سری لنکا میں ہوئے حملوں کے ہفتے کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا ۔ فیصلے میں واضح کیا گیا ہے کہ کسی بھی شخص کی شناخت کرنے کے لئے اس کے چہرے کا نظر آنا ضروری ہے۔
اس سے پہلے حکومت نے کہا تھا کہ جب تک وزیر اعظم رانل وکرم سنگھے کی اسلامک مولویوں کے ساتھ بات چیت نہیں ہو جاتی اس وقت تک اس بارے میں کوئی فیصلہ نہیں لیا جا سکتا، لیکن صدر نے معاشرے میں امن قائم کرنے اور قومی سلامتی کو دیکھتے ہوئے یہ قدم اٹھایا ہے۔ یہ فیصلہ کسی مخصوص فرقہ کو تکلیف پہنچانے کے لئے نہیں لیا گیا ہے۔

پولیس نے گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک کے مختلف حصوں سے کل 48 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا ہے۔ گرفتار کئے گئے افراد میں سے دو مطلوبہ بھی شامل ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ حکومت نے اتوار کو دو دہشت گرد تنظیموں نیشنل توحد جماعت (این ٹی جے ) اور جماعت ملات ابراہیم پر پابندی لگائی تھی ۔