نئی دہلی، 08 مئی (یواین آئی) سپریم کورٹ نے بابری مسجد انہدام سے متعلق نچلی عدالت میں جاری فوج داری مقدمے کے نمٹانے کی مدت میں اس سال 31 اگست تک توسیع کردی ہے۔ جسٹس آر ایف نریمن اور جسٹس سوريہ کانت کی بنچ نے جمعہ کو جاری ایک حکم کے تحت لکھنؤ واقع مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) کی خصوصی عدالت کو بابری مسجد انہدام معاملے میں فوجداری مقدمہ کونمٹانے کے لئے 31 اگست 2020 تک کرنے کی ہدایت دی۔
بینچ نے کہا کہ نچلی عدالت اس بات کو یقینی بنائے کہ 31 اگست کی نئی تاریخ آگے نہ بڑھے۔سی بی آئی کے خصوصی جج ایس کے یادو نے گزشتہ چھ مئی کو خط لکھ کر مدت کار میں توسیع کی درخواست کی تھی۔ انہوں نے کہا تھا کہ ابھی تک اس کیس میں گواہی پوری نہیں ہوئی ہے۔
مسٹر یادو گزشتہ سال 30 ستمبر کو ریٹائر ہونے والے تھے، لیکن عدالت عظمیٰ نے اپنے انتظامی حقوق کا استعمال کرتے ہوئے ان کی مدت کار میں توسیع کردی تھی اور چھ ماہ کے اندر اندر گواہی پوری کرنے اور نو ماہ کے اندر فیصلہ سنانے کی ہدایت دی تھی۔