ایودھیا میں ‘تاریخی رام لیلا’ کی تیاری، مسلم اداکار شہباز خان کو ‘راون’ کا رول دینے کی توقع

ایودھیا میں شری رام مندر تعمیر کے لیے گزشتہ 5 اگست کو ‘بھومی پوجن’ تقریب کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی تھی، اور اب دسہرہ کے موقع پر عظیم الشان اور تاریخی رام لیلا منعقد کرنے کی تیاریاں شروع ہو گئی ہیں۔ اتر پردیش محکمہ ثقافت نے اس بار رام لیلا کے لیے خصوصی منصوبہ تیار کیا ہے اور کوشش ہو رہی ہے کہ ایسی رام لیلا پیش کی جائے کہ تاریخ ہمیشہ یاد رکھے۔

اس رام لیلا کے تعلق سے ایک ایسی خبر بھی سامنے آرہی ہے جو کافی حیران کرنے والی ہے۔ دراصل ہندی نیوز پورٹل ‘نیوز 18’ پر ایک رپورٹ شائع ہوئی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ ‘راوَن’ کا کردار نبھانے کے لیے مشہور مسلم اداکار شہباز خان کا انتخاب کیا گیا ہے۔ چونکہ ‘راوَن’ ایک منفی کردار ہے، اس لیے مسلم اداکار کے ذریعہ یہ کردار نبھانا تنازعہ پیدا کرنے والا ہے۔

حالانکہ اس سلسلے میں ابھی سرکاری ذرائع سے کوئی تصدیق نہیں ہوئی ہے، لیکن ذرائع کے حوالہ سے بتایا گیا ہے کہ بھرت کا کردار گورکھپور سے رکن پارلیمنٹ روی کشن نبھائیں گے، انگد کا کردار منوج تیواری ادا کریں گے اور ہنومان کا کردار نبھانے کے لیے بندو دارا سنگھ کا انتخاب کیا گیا ہے۔ شہباز خان کے تعلق سے لکھا گیا ہے کہ انھیں راوَن کے کردار میں اسٹیج پر اتارے جانے کی امید ہے۔