کوچی، 28 ستمبر (یو این آئی) کیرالا میں قومی تفتیشی ایجنسی (این آئی اے) کی ایک عدالت نے پیر کو اسلامک اسٹیٹ آف عراق اینڈ سیریا (آئی ایس آئی ایس) میں شریک ہونے اور ایشیائی ملکوں کے خلاف جنگ چھیڑنے والے سبحانی حاجا معین الدین کو عمر قید کی سزا سنائی۔ جسٹس پی کرشنا کمار نے اس پر ایک لاکھ روپیے کا جرمانہ بھی عائد کیا ہے اور یہ کیرالا میں آئی ایس آئی ایس کے کسی رکن کے خلاف درج کیا گیا پہلا معاملہ ہے جس میں ایشیائی ملکوں کے خلاف جنگ چھیڑنے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔
فرد جرم کے مطابق سبحانی (34) تھوڈوپُجہا کا باشندہ ہے اور وہ 2015 میں عراق گیا تھا جہاں وہ آئی ایس آئی ایس میں شامل ہوا۔ اس کے بعد اسے ہتھیار چلانے کی ٹریننگ دی گئی اور پھر اس کی تعیناتی عراق میں موصل کے قریب لڑائی کے میدان میں کیی گئی۔این آئی اے نے ملک مخالف سرگرمیوں کو انجام دینے کے معاملے میں اسے دیگر ملزموں کے ساتھ کنُّور سے 2016 میں گرفتار کیا گیا تھا۔ تفتیشی ٹیم نے یہ بھی پایا کہ اس نے کیرالا اور تملناڈو میں آئی ایس آئی ایس کی سرگرمیوں کو پھیلانے اور مخصوص افراد کا قتل کرنے کا منصوبہ بنایا تھا۔
این آئی اے نے تفتیش میں یہ بھی پایا کہ عراق سے ہندوستان لوٹنے کے بعد سبحانی نے سوشل میڈیا کے ذریعے 15 افراد کو بھرتی کی تھی اور وہ اپنی سرگرمیوں کو سوشل میڈیا کے ذریعے بڑھاتا تھا۔ اس نے سوشل میڈیا کے ذریعے آئی ایس آئی ایس کے مختلف مراکز سے رابطہ بھی کیا تھا۔
فرد جرم میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ سبحانی شیو کاشی سے دھماکہ خیز مادہ اکٹھا کرنے کے فراق میں تھا اور اس کا منصوبہ بھیڑ والے علاقوں میں بلاسٹ کروانے کا تھا۔