اہم خَبر: دفعہ 370 ختم ہونے کے بعد دوبارہ کھلے جموں و کشمیر کے کئی اسکول

جموں و کشمیر: دفعہ 370 ختم کیے جانے کے بعد پہلی مرتبہ کھلے کئی اسکول

دفعہ 370 ختم ہونے کے بعد جموں و کشمیر میں دفعہ 144 نافذ ہے، لیکن آج کچھ علاقوں کے اسکول دوبارہ کھل گئے ہیں اور بچے پڑھائی کرنے بھی پہنچے ہیں۔ میڈیا ذرائع کے مطابق اودھم پور اور کٹھوعہ کے کئی اسکول ایک بار پھر کھل چکے ہیں۔ اودھم پور کے پولس ڈپٹی کمشنر پیوش سنگلا نے کہا کہ ’’دفعہ 144 اب بھی نافذ ہے، لیکن کچھ علاقوں میں ایسا نہیں ہے۔ کچھ علاقوں پر سخت نظر رکھی جا رہی ہے۔ بازار بھی صبح 11 بجے سے شام 5 بجے تک کھلے رہیں گے۔‘‘


جموں و کشمیر میں پیدا حالات پر اقوام متحدہ کا اظہارِ فکر

اقوام متحدہ نے جموں و کشمیر میں پیدا شدہ حالات پر فکر کا اظہار کیا ہے۔ اقوام متحدہ کے ترجمان نے اس سلسلے میں کہا کہ ’’جموں و کشمیر سے اطلاعات نہیں آ رہی ہیں اور حقوق انسانی کی خلاف ورزی ہو رہی ہے۔‘‘ دراصل جموں و کشمیر سے مودی حکومت نے دفعہ 370 ختم کر دیا ہے اور وہاں موبائل اور انٹرنیٹ خدمات بند کر دی گئی ہیں، جس کی وجہ سے ریاست کے حالات کا صحیح اندازہ کسی کو نہیں ہے۔ جموں و کشمیر میں عام لوگ کس حال میں ہیں اور دفعہ 370 ہٹنے کے بعد ان کا کیا رد عمل ہے، کچھ بھی کسی کو پتہ نہیں ہے۔


ایودھیا معاملہ: ایودھیا معاملہ پر سماعت شروع، راجیو دھون رکھ رہے ہیں اپنی بات

ایودھیا معاملہ پر روزانہ سماعت کے تحت آج چوتھے دن سپریم کورٹ میں کارروائی شروع ہو چکی ہے۔ حالانکہ آج سماعت نہیں ہونی تھی لیکن سپریم کورٹ کی آئینی بنچ نے 8 اگست کو فیصلہ کیا کہ اس معاملے میں کام کے پانچوں دن سماعت ہو تاکہ جلد تنازعہ کا حل نکلے۔ پہلے ہفتے میں تین دن ہی اس کی سماعت ہوتی کیونکہ پیر اور جمعہ کو نئے معاملوں کی سماعت ہوتی ہے۔ اب جب کہ آئینی بنچ نے ایودھیا کیس کو فاسٹ ٹریک عدالت میں ڈال دیا ہے تو کام کے پانچوں دن اس کی سماعت شروع ہو گئی ہے۔ اس وقت راجیو دھون سپریم کورٹ میں اپنی بات رکھ رہے ہیں۔


76 ہندوستانی اور 41 پاکستانی شہریوں کو لے کر دہلی پہنچی سمجھوتہ ایکسپریس

76 ہندوستانی اور 41 پاکستانی شہریوں کو لے کر سمجھوتہ ایکسپریس ٹرین دہلی پہنچ گئی ہے۔ رات تقریباً ڈیڑھ بجے یہ ٹرین اٹاری ریلوے اسٹیشن سے روانہ ہوئی تھی۔ قابل ذکر ہے کہ سمجھوتہ ایکسپریس کو پاکستان نے بند کر دیا ہے اور اس سے ہند-پاک رشتوں میں تلخیاں بھی ظاہر ہو گئی ہیں۔ پاکستان نے یہ قدم اس وقت اٹھایا ہے جب ہندوستان نے جموں و کشمیر سے دفعہ 370 ختم کر دیا۔ مودی حکومت کے اس فیصلے سے پاکستان ناراض ہے۔


کرناٹک اور مہاراشٹر کے بعد کیرالہ بھی سیلاب کی زد میں

کیرالہ میں سیلاب سے لوگوں کا برا حال ہے۔ کوچی میں بین الاقوامی ہوائی اڈے کے پارکنگ علاقہ میں پانی بھر گیا ہے جس کے بعد کسی بھی طرح کی پرواز پر اتوار تک روک لگا دی گئی ہے۔ ریاست کے الگ الگ حصوں میں پھنسے لوگوں کو محفوظ مقامات پر پہنچایا جا رہا ہے۔ سیلاب کی صورت حال اس قدر خطرناک ہے کہ سبھی اسکولوں و کالجوں میں تعطیل کا اعلان کر دیا گیا ہے۔




یہ ایک سینڈیکیٹیڈ فیڈ ہے ادارہ نے اس میں کوئی ترمیم نہیں کی ہے. – Source بشکریہ قومی آواز بیورو—-

اپنی رائے یہاں لکھیں

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading