امریکہ میں طیارہ حادثہ، 7 ہلاک، چھ زخمی
واشنگٹن: امریکہ میں ریاست کنیکٹیکٹ کے بریڈلی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ایک ہوائی جہاز حادثہ میں کم از کم سات افراد ہلاک اور چھ دیگر افراد زخمی ہوئے ہیں۔ حکام نے بتایا کہ یہ حادثہ بدھ کو مقامی وقت کے مطابق صبح نو بجکر 54 منٹ پر ہوا۔ حکام نے بتایا کہ پرواز کے تھوڑی دیر بعد طیارہ نے مشکلات کی اطلاع دی اور واپس لوٹ کر لینڈ کرنے کی کوشش کی تھی۔
بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق کنیکٹیکٹ ائرپورٹ اتھارٹی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کیون ڈلن نے کہا ’’ہم نے دیکھا کہ طیارے اونچائی حاصل نہیں کرپا رہا تھا‘‘۔ ریاست کے پولس کمشنر جیمز روویلا نے نامہ نگاروں کو بتایا ’’یہ ایک مشکل کام ہے۔ متاثرین کی شناخت کر پانا مشکل ہے۔ ہم لوگ غلطی نہیں کرنا چاہتے ہیں‘‘۔ بوئنگ -17 نامی اس طیارہ میں دو پائلٹ، ایک اسسٹنٹ اور 10 مسافر سوار تھے۔ چھ زخمیوں کو علاج کے لئے ہارٹ فورڈ اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے، جس میں تین کی حالت نازک ہے، جبکہ ایک شخص معمولی طور پر زخمی ہوا ہے۔
یہ ایک سینڈیکیٹیڈ فیڈ ہے ادارہ نے اس میں کوئی ترمیم نہیں کی ہے. – Source بشکریہ قومی آواز بیورو—-
