اورنگ آباد:10/ اکتوبر ۔( ورق تازہ نیوز)یہ خبر انتہائی رنج وغم سے پڑھی اور سنی جائے گی کہ اورنگ آباد کی معروف و مقبول شخصیت تارا پان سینٹر کے مالک اور ایک زمانے میں نسیم صدیقی کے نام سے افسانے لکھنے والے شرف الدین صدیقی آج اپنے مالک حقیقی سے جا ملے۔ انا للہ و انا الیہ راجعون۔.

ان کے افسانے کسی زمانے میں شمع اور بیسویں صدی میں بڑے اہتمام سے شائع ہوا کرتے تھے۔ مرحوم انتہائی خلیق،مخلص اور ملنسار انسان تھے۔ وہ ہر ایک کے دکھ درد میں شامل ہونے والی شخصیت تھے۔ اللہ ان کی مغفرت فرمائے اور متعلقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ آمین یا رب العالمین۔
ان کی نماز جنازہ آج بروز جمعرات رات 10/بجے ، جامع مسجد عثمان پورہ میں ادا کی جائے گی اور تدفین حضرت شاہ نور حموی صاحب کی درگاہ کے قبرستان اورنگ آباد میں عمل میں آئے گی۔
تارا پان سینٹر کے مالک شرف الدین صدیقی گزشتہ چار دہائیوں سے یہ پان کی دکان چلا رہے تھے ان کے پان کے شوقین بھارت سمیت بیرون ممالک میں بھی بڑی تعداد میں ہیں اور انہیں پان بھی پارسل کئے جاتے ہیں۔

یہاں کا مشہور کوہ نور پان پانچ ہزار روپے میں فروخت کیا جاتا ہے۔ یہ پان خصوصی طور پر نئے شادی شدہ جوڑوں کو فروخت کیا جاتا ہے۔

پان بیچنے والوں کا دعویٰ ہے کہ یہ پان انسان میں جنسی جذبات ابھار دیتا ہے اور اس کا اثر پورے چوبیس گھنٹے تک رہتا ہے۔ اس پان کو باکس کی پیکنگ میں دیا جاتا ہے، جس میں عطر کی شیشی بھی ہوتی ہے۔