انڈین یوتھ کانگریس کی یوا کرانتی یاترا کا مالیگاؤں میں شایان شان استقبال

اب وقت آگیا ہیکہ کانگریس اپنی روایتوں کو برقرار رکھتے ہوئے فرقہ یرست حکومت کو اکھاڑ پھینکے۔ ڈاکٹر ندیم جاوید

30جنوری کو دہلی میں یوتھ کانگریس کی عظیم الشان ریلی سے راہل گاندھی نوجوانوں سے خطاب کریں گے۔ کیشوچند یادو

مالیگاؤں:10 جنوری 2019 (نامہ نگار)

اس ملک کو آزاد کرنے کیلئے ہر ذات ہر برادری اور ہر فرقہ کے لوگوں نے قربانیاں دی ہیں جس وقت اشفاق اللّٰہ خان کو پھانسی دی گئی انہوں نے کہا تھا میں ہندوستان کی مٹی میں جنما ہوں اس مٹی کو انگریزوں سے پاک کرنے کیلئے اگر مجھے پھانسی دی جارہی ہے تو میری تمنا ہیکہ اگر مجھے دوسرا جنم ملے تو اسی ملک کی مٹی نصیب ہو تاکہ میں ایک بار نہیں ہزار بار اس ملک کو آزاد کروانے کیلئے پھانسی پر لٹکایا جاؤں،جس وقت ملک آزاد ہوا اور جناح جیسے لوگوں نے مسلمانوں کیلئے علاحدہ ملک کا نعرہ لگایا اس وقت مولانا آزاد نے وطن کی مٹی کا واسطہ دیکر مسلمانوں کو اس ملک سے عقیدت اور محبت کا درس دیا تھا لیکن آج جو لوگ اقتدار پر ہیں وہ بار بار مسلمانوں کو پاکستان چلے جانے کی دھمکی دیتے نہیں تھکتے ان طویل جملوں کیساتھ آل انڈیا کانگریس کمیٹی اقلیتی سیل کے صدر ڈاکٹر ندیم جاوید نے للکارتے ہوئے کہا کہ ملک کی سیاست میں کئی مرتبہ اتار چڑھاؤ آئے لیکن ہجومی تشدد اور لنچنک کا لفظ کبھی سننے میں آیا کیا؟ گئو رکھشا کے نام پر موجودہ اقتدار کے لوگ آتنک پھیلائے ہوئے ہیں.

ڈاکٹر ندیم جاوید نے کہا کہ 2014 کے عام انتخابات میں بی جے پی صدر امیت شاہ نے کانگریس مکت کا نعرہ لگایا اور اقتدار حاصل ہونے کے بعد کچھ لوگوں کی یہ سمجھ بن گئی کہ اب کانگریس کا دور دوبارہ نہیں آئے گا ایسا ہی کچھ 1977 میں بھی سمجھا گیا تھا لیکن اس وقت بھی یوتھ کانگریس نے ملک بھر میں ماحول سازی کی اور صرف 19 مہینے کے بعد 1980,میں کانگریس کو دوبارہ اقتدار حاصل ہوا ایک مرتبہ پھر 1989,میں کانگریس کو اقتدار سے بے دخل کیا گیا لیکن پھر 1991,میں کانگریس کو ہی ملک کی باگ ڈور سونپی گئی اسی طرح اب ایک مرتبہ پھر یوتھ کانگریس نے کیشوچند یادو کی قیادت میں کشمیر سے کنیا کماری تک یوا کرانتی رتھ کے ذریعہ نوجوانوں میں جوش وخروش بھرنے کیلئے کمر کس لی ہے نوجوان قائد راہل گانھی کی قیادت میں کانگریس نے 5,ریاستوں کے اسمبلی الیکشن میں بی جے پی کو اقتدار سے باہر کرکے تین ریاستوں میں کانگریس کا جھنڈا بلند کردیا ہے آنیوالے لوک سبھا الیکشن میں نوجوانوں کا یہ جوش مزید قوت اور طاقت کیساتھ راجدھانی واپس لینے کیلئے آگے بڑھ چکا ہے انہوں نے مالیگاؤں کے قائد نسل نو آصف شیخ رشید کی قائدانہ صلاحیتوں کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ میں مستقبل قریب میں اس نوجوان کو ریاستی وزیر کے روپ میں دیکھ رہاہوں اور اہلیان مالیگاؤں سے مجھے پوری امید ہیکہ وہ آصف شیخ رشید کو پہلے سے زیادہ محبتوں سے نوازتے ہوئے مہاراشٹر اور مرکز میں کانگریس حکومت کے قیام کیلئے اپنی ذمہ داری کو پورا کریں گے ڈاکٹر ندیم جاوید نے اپنی تقریر میں سلیس اردو کیساتھ کئی مرتبہ راحت اندوری کے ہی انداز میں ان کے اشعار کو استعمال کرتے ہوئے داد وتحسین وصول کی
انڈین یوتھ کانگریس کے قومی صدر کیشو چند یادو نے یوا کرانتی یاترا کے اغراض و مقاصد بیان کرتے ہوئے اپنی کارگذاری پیش کی انہوں نے کہا کہ اپنے آپ کو دیش کا چوکیدار کہنے والے نریندر مودی اکثر کہتے ہیں کہ فقیر آدمی ہوں جھولا لیکر چل دوں گا حال ہی میں مدھیہ پردیس،راجستھان اور چھتیس گڑھ میں کانگریس حکومت کا قیام اس بات کو ظاہرکرتا ہیکہ اب نریندر مودی کے جھولا اٹھا کر چلنے کا وقت قریب آگیا ہے اب ان سے یہ پوچھا جائے کہ آپ جھولا لیکر کس کے پیچھے چلنا پسند کروگے للت مودی کے، نیرو مودی کے،چوکسی کے یا پھر وجے مالیا کے؟ کیونکہ تم نے ہر ہندوستانی کے اکاؤنٹ میں 15 لاکھ ڈالنے کی بات کی تھی ابھی تک نہیں آئے،تم نے ہرسال دوکروڑ نوجوانوں کو روزگار دینے کا وعدہ کیا تھا ساڑھے چار سالوں میں 10,کروڑ نوکریوں میں سے کتنی نوکری دی؟

نوٹ بندی اور جی ایس ٹی کے ذریعہ ملک کی معیشت کو تباہ وبرباد کرکے رکھ دیا ہے امیت شاہ کے مطابق بی جے پی کے الیکشنی منشور کے یہ وعدے صرف جملے بازی ہیں لیکن جملوں سے کوئی حکومت نہیں چلتی اسلئے اب آپ کو ہی اپنی جملے بازیوں کے مطابق جھولا لیکر چل دینا ہے کیونکہ کانگریس کے صدر راہل گاندھی کو اقتدار دلانے کیلئے یوتھ کانگریس کا ہر سپاہی کمر بستہ ہوچکا ہے اور 30,جنوری کو دہلی میں للکارنے آرہا ہے آخر میں انہوں نے مالیگاؤں یوتھ کانگریس کے نوجوان ساتھیوں سے اس ریلی میں شریک رہنے کی گذارش کی.

اس عظیم الشان استقبالیہ جلسہ عام سے یوتھ کانگریس کے نائب صدر بی شری نواس، مہاراشٹر یوتھ کانگریس کے صدر ستیہ جیت تانبے، شمالی مہاراشٹر کے نگراں اور انڈین نیشنل کانگریس کے جنرل سکریٹری چیلا بامشی چند ریڈی،نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا ڈاکٹر ندیم جاوید سے پہلے کانگریس کے مقامی صدر اور میئر شیخ رشید صاحب نے ملک کے بدلتے حالات پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ "سونے کا نہیں وقت یہ ہشیار ہو غافل” اب وقت آن پڑاہیکہ کانگریس پارٹی کے لیڈران اپنی اے سی آفسوں سے نکل کر زمین پر آجائیں اور مودی حکومت سے پریشان بیوپاریوں، کسانوں، مزدوروں، بنکروں، اور سماجی طور پر کمزور طبقہ کے ساتھ مل کر ایک نئی امنگ کیساتھ ایک نئے ہندوستان کے خواب کو حقیقت میں تبدیل کردیں آصف شیخ رشید اور صابر گوہر نے اپنے ابتدائی کلمات میں یوتھ کانگریس، کانگریس اقلیتی سیل اور دیگر مہمانوں کے تعارف کیساتھ ان کا استقبال کیا
مالیگاؤں حلقۂ اسمبلی یوتھ کانگریس کے صدر انصاری فاروق احمد ساگر ،سابق صدر فاروق قریشی،امتیاز کمال،نوید پریم،شفیق باکسر،اشفاق کلیم، ہلال انور سمیت یوتھ کانگریس کی مکمل نوجوان ٹیم اور شہر کانگریس پارٹی کی جانب سے تمام مہمانوں کیلئے ایک بہت بڑے پھولوں کے ہار کیساتھ مشترکہ استقبال کیا گیا اس یوا کرانتی یاترا میں ملک اور ریاست کے مختلف شہروں سے تقریبا 200یوتھ کانگریس کے عہدیدار اور ذمہ دار شامل ہوئے مالیگاؤں کی تاریخ میں یوتھ کانگریس کا سب سے بڑااستقبالیہ جلسہ عام منعقد کرنے پر سبھی مہمانوں نے آصف شیخ رشید کی قائدانہ صلاحیتوں کو تسلیم کرتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا اور انہیں مبارکباد پیش کی.

اس استقبالیہ جلسہ عام کی نظامت کو بہت ہی بہترین انداز میں ماسٹر انیس انجم نے انجام دیا

اپنی رائے یہاں لکھیں

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading