انتخابی منظر نامے سے ‘اسامہ بن لادن’ غائب

پٹنہ، 28 اپریل.(پی ایس آئی)معراج خالد نور کو بہار میں لوگ ‘اسامہ بن لادن’ کے نام سے بھی جانتے ہیں. اس کی وجہ ان کی شکلو صورت کا بدنام دہشت گرد اسامہ بن لادن سے میل کھانا ہے. اس خاصیت کی وجہ سے ایک وقت میں وہ ریاست کے انتخابی ماحول میں سرگرم نظر آتے تھے لیکن اس وقت وہ اس سے ندارد ہیں. بہار میں سات مرحلے میں سے تین مرحلے کا لوک سبھا چناو¿ ہو چکا ہے اور نور اپنا کاروبار سنبھالنے میں مصروف ہیں. ایک بات واضح ہے: بہار کے ‘اسامہ بن لادن’ کی اب مانگ نہیں رہی. کسی بھی سیاسی جماعت نے انہیں اپنی انتخابی ریلی میں اس بار مدعو نہیں کیا. نور کی شکایت ہے کہ زیادہ تر لوگ انہیں اسامہ بن لادن کہہ کر ہی بلاتے ہیں. بہت کم لوگ ان کا اصلی نام جانتے ہیں.

سیاسی پنڈتوں کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی اپنی تقریروں میں مسلسل پاکستان اور دہشت گردی کا ذکر کر رہے ہیں. ایسے میں نور کی اب مانگ نہیں رہی. نور عوامی انصاف مورچہ کے سربراہ ہیں. 2014 میں انہوں نے وارانسی میں نریندر مودی سے مقابلہ کرنے کے لئے فارم بھرا تھا لیکن ان کا فارم مسترد ہو گیا تھا. پٹنہ کے رہنے والے نور ایک وقت میں راشٹریہ جنتا دل کے سربراہ لالو یادو اور لوک جن شکتی پارٹی لیڈر رام ولاس پاسوان کے کافی قریبی ہوا کرتے تھے. نور نے 2004 کے عام انتخابات میں پاسوان اور 2005 کے اسمبلی انتخابات میں لالو پرساد کے لئے پرچار کیا تھا. انہوں نے کہا کہ سیاستدانوں نے مسلم ووٹوں کو اپنی طرف کھینچنے کے لئے ان کا استعمال کیا اور اس کے بعد انہیں ہمیشہ کے لئے بھول گئے. نور 2004 میں سیاست میں آئے. انہوں نے پاسوان کی پارٹی سے ٹکٹ چاہا جو انہیں نہیں دیا گیا. پھر وہ ستمبر 2005 میں لالو یادو کی پارٹی میں شامل ہو گئے. ایک وقت ان کی مانگ اتنی زیادہ تھی کہ پاسوان اور لالو انتخابی مہم میں اپنے اپنے ہیلی کاپٹر میں ان کے لئے ایک سیٹ رکھتے تھے. انکی امیج ایسی تھی کہ 2005 میں اس وقت کے بی جے پی لیڈر پرمود مہاجن نے لالو اور پاسوان پر ‘دنیا کے سب سے زیادہ مطلوب دہشت گرد’ کی ستائش کرنے کا الزام لگایا تھا. نور مسلم پرسنل لاء بورڈ کے سابق صدر قاضی مجاہدالسلام کے پوتے ہیں. ان کے والد نور احمد کا سماجوادی لیڈر جارج فرنانڈج سے قریبی تعلق تھا.