امریکہ ۔ طالبان بات چیت جاری رہنی چاہئے : چین

بیجنگ ۔ 23 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) چین نے امریکہ اور طالبان کے درمیان بات چیت جاری رکھنے کی حمایت کی ہے۔ حالیہ دنوں میں چینی عہدیداروں نے بیجنگ میں طالبان عسکریت پسندوں سے ملاقات کی تھی جبکہ دو ہفتہ قبل صدر ٹرمپ نے طالبان کے ساتھ کی جانے والی بات چیت کے سلسلہ کے خاتمہ کا اعلان کیا تھا۔ دریں اثناء وزارت خارجہ کے ترجمان گینگ شوانگ نے توقع ظاہر کی کہ امریکہ اور افغانستان طالبان بات چیت کا تال میل جاری رکھیں گے۔ مسٹر گینگ نے یہ بھی کہاکہ چین قومی مصالحت، امن اور استحکام کے قیام کیلئے داخلی بات چیت کی ضرورت پر زور دیتا ہے اور اس کی حمایت بھی کرتا ہے۔ دوسری طرف طالبان نے بھی اپنے ایک ٹوئیٹ میں کہا کہ طالبان اور امریکہ کی بات چیت کی حمایت کی جانی چاہئے جو اگر جاری رہتی تو شاید امریکہ کے افغانستان سے اپنی فوج کو واپس بلانے پر کوئی معاہدہ بھی ہوچکا ہوتا۔ یاد رہیکہ کابل میں جاریہ ماہ ہوئے ایک بم دھماکہ میں ایک امریکی فوجی کی ہلاکت کے بعد ٹرمپ نے طالبان کے ساتھ بات چیت کا سلسلہ ختم کردیا تھا جبکہ طالبان کے کلیدی مذاکرات کار نے کہا ہیکہ بات چیت کے دروازے کھلے ہیں۔

Read More

Leave a comment