امریکہ نے چین کے مسافر طیاروں پر پابندی لگائی

واشنگٹن۔امریکہ چین اختلافات میں مستقل اضافہ ہورہا ہے ۔ اب امریکہ کی ٹرمپ انتظامیہ نے چین کی فضائی کمپنیوں کی امریکہ کے لیے مسافر پروازوں پر پابندی عائد کر دی ہے اور کہا ہے کہ اس نے یہ حکم بیجنگ کے اقدام کے ردعمل میں جاری کیا ہے جس کے تحت امریکی فضائی کمپنیوں کی چینی مارکیٹ میں داخلے پر پابندی عائد کی گئی تھی۔

امریکہ کے محکمہ ٹرانسپورٹ نے بدھ کو ایک بیان میں کہا ہے کہ چینی پروازوں پر پابندی کا حکم 16 جون سے مؤثر العمل ہوگا لیکن صدر ڈونالڈ ٹرمپ اگر اس سے پہلے اس پر عمل درآمد چاہتے ہیں تو وہ ایسا کرسکتے ہیں۔

ٹرمپ انتظامیہ کے ااس اقدام سے امریکہ اور چین کے درمیان جاری کشیدگی میں مزید اضافہ ہوگا۔ ان میں پہلے ہی دوطرفہ تجارت، کرونا وائرس کی وبا اور ہانگ کانگ کے معاملے پر تنازع چل رہا ہے۔

صدر ٹرمپ نے گزشتہ جمعہ کو کہا تھا امریکہ مستثنیات کی پالیسی کے خاتمے کے لیے عمل شروع کرے گا، اس کے تحت ہانگ کانگ کے ساتھ چین کی مرکزی سرزمین سے علیحدہ سے معاملہ کیا جائے گا۔ چین کی قیادت نے حال ہی میں ہانگ کانگ سے متعلق قومی سلامتی کا نیا قانون نافذ کیا ہے۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading