اسٹینڈئنگ کمیٹی انتخاب‘کانگریسی کارپوریٹرس فیلڈئنگ لگانے میں مصروف

ناندیڑ:22اکتوبر(ورقِ تازہ نیوز) ناندیڑمیونسپل کارپوریشن کی اسٹینڈئنگ کمیٹی کے چیرمین کی مدت ڈسمبر میں ختم ہورہی ہے اسلئے کمیٹی کے آٹھ ارکان بھی سبکدوش ہورہے ہیں ۔ اسکے علاوہ خواتین واطفال بہبود کمیٹی کی مدت بھی ختم ہورہی ہے ۔دونوںکمیٹیوں پر نامزدگی کیلئے کانگریس پارٹی کے کارپوریٹرس نے فیلڈینگ لگاناشروع کردیا ہے ۔ کارپوریشن کی تجوری کی چابی چیرمین عبدالشمیم عبداللہ کے پاس ہے جن کی مدت یکم ڈسمبر کو ختم ہورہی ہے۔ اس سے قبل نومبر میں منعقدہ اجلاس میں نئے خواہشمندممبران کا قرعہ اندازی سے انتخاب ہوگا۔اسلئے برسراقتدار کانگریس پارٹی کے کارپوریٹرس نے بھی اسٹینڈئنگ کمیٹی میں نامزدگی کیلئے ابھی سے فیلڈئینگ لگانا تیز کردیا ہے ۔اسٹینڈئنگ کمیٹی کے ارکان کے انتخاب میں سابق میں جنوب حلقہ انتخاب کے بہ نسبت حلقہ شمال کو زیادہ اہمیت دی گئی تھی جبکہ چیرمین کاعہدہ جنوب حلقہ انتخاب کودیاتھا ۔ا س مرتبہ کانگریس کی جانب سے کونسے حلقہ انتخاب کو اہمیت دی جائے گی اس پرسبھی کی نظریںمرکوز ہے ۔ اسٹینڈئنگ کمیٹی کا رکن بننے کےلئے کانگریس پارٹی میں رسہ کشی شروع ہوگئی ہے ۔ پارٹی کے سینئر لیڈران سے میل ملاپ بڑھاتے ہوئے انھیں اپنی جانب متوجہ کرنے کی بھی پوری کوشش کی جارہی ہے ۔ دوسری جانب خواتین واطفال بہبود کمیٹی کے چیرمین کی مدت بھی ڈسمبر میں ختم ہورہی ہے اسلئے کانگریس پارٹی کی خواتین کارپوریٹرس بھی اس عہدہ کیلئے سرگرم ہوگئی ہیں ۔

Leave a comment