اترپردیش اور بہار میں سیلاب سے مرنے والوں کی تعداد120 تک پہنچ گئی

اترپردیش اور بہار میں سیلاب سے مرنے والوں کی تعداد120 تک پہنچ گئی

ہندوستان کی ریاستوں بہار اور اترپردیش میں طوفانی بارشوں سے پیدا ہونے والی سیلابی صورتحال کے باعث حکام کے مطابق 100 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ متاثرہ علاقوں سے سیلاب کے شہری زندگی پر پڑنے والے اثرات کی ڈرامائی تصاویر سامنے آ رہی ہیں۔

حکام نے بتایا ہے کہ دونوں ریاستوں میں ریلوے ٹریفک، گاڑیوں کی نقل و حرکت، صحت کی سہولیات، سکول اور بجلی کی فراہمی متاثر ہوئے ہیں۔ اترپردیش حکومت کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جمعرات سے اب تک 93 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

ریاست بہار کی ڈزاسٹر مینیجمنٹ اتھارٹی کے مطابق وہاں ہلاک شدگان کی تعداد 29 ہے۔ اس کے مرکزی شہر پٹنہ پر سیلاب کے اثرات اپنی شدت کی وجہ سے شہ سرخیوں میں جگہ بنا رہے ہیں۔

ڈوبی ہوئی گاڑیوں سے بھری ہوئی سڑکوں پر لوگوں کو کشتیوں میں سوار دیکھا جا سکتا ہے۔ ایک سائیکل رکشہ مالک کی سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وہ کس طرح اپنے رکشے کو پانی سے نکالنے کی جدوجہد کر رہے ہیں۔ پٹنہ جمعے سے بارشوں کی زد میں ہے جس سے کئی رہائشی علاقے زیرِ آب آ چکے ہیں۔

سرکاری خبر رساں ادارے پریس ٹرسٹ آف انڈیا نے ایک سرکاری اہلکار کے حوالے سے بتایا کہ شہر میں ہونے والی بارش ‘مکمل طور پر غیر متوقع’ تھی۔ ریاستی حکومت نے انڈین ایئر فورس سے ہیلی کاپٹر اور پانی باہر نکالنے والی مشینیں فراہم کرنے کی درخواست کی ہے۔

پڑوسی ریاست اترپردیش سے بھی اسی طرح کی اطلاعات اور مناظر سامنے آ رہے ہیں۔ شمالی شہر واراناسی (بنارس) کے ایک رہائشی نے خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا کہ ‘پانی کی صورتحال بہت خراب ہے۔ واراناسی کی صورتحال بہت خراب ہے۔ نکاسی کا نظام معطل ہو چکا ہے۔’

Read More – یہ ایک سینڈیکیڈیڈ فیڈ ہے ادارہ میں اس میں کوئی ترمیم نہیں کی ہے. بشکریہ سیاست ڈاٹ کام-

Leave a comment