کینسر کی تشخیص کی وین — تھانے ڈسٹرکٹ میں پہل کے لیے بے ساختہ ر دعمل

کینسر کی تشخیص کی وین — تھانے ڈسٹرکٹ میں پہل کے لیے بے ساختہ ردعمل

تھانے (آفتاب شیخ)

شہریوں کی صحت کے تحفظ کے لیے تھانے ضلع میں شروع کی گئی کینسر کی تشخیص کی مہم کو غیر معمولی ردعمل ملا ہے، اور مختصر مدت میں ضلع کے ہزاروں شہریوں تک یہ سہولت پہنچ گئی ہے۔ یہ مہم 3 نومبر سے 29 نومبر 2025 تک ضلع کلکٹر ڈاکٹر شری کرشنا پانچال اور چیف ایگزیکٹیو آفیسر منوج راناڈے کی رہنمائی میں نافذ کی گئی۔ اس اقدام کا بنیادی مقصد کینسر کی جلد تشخیص، بروقت علاج کی رہنمائی اور عوام میں بیماری سے متعلق آگاہی بڑھانا تھا، کیونکہ بروقت تشخیص سے علاج کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔

اس پہل کے تحت مختلف دیہاتوں میں گردش کرنے والی وین کے ذریعے شہریوں کی مفت اسکریننگ کی گئی جس میں منہ کے کینسر، چھاتی کے کینسر اور سروائیکل کینسر کے ٹیسٹ شامل تھے۔ یہ ٹیسٹ ضلع کے پانچ تعلقوں – کلیان، بھیونڈی، امبرناتھ، مرباڈ اور شاہ پور – میں طے شدہ شیڈول کے مطابق انجام دیے گئے۔ ضلع سرجن ڈاکٹر کیلاش پوار اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر گنگادھر پارگے کے مطابق مختصر وقت میں بڑی تعداد میں شہریوں نے اس سہولت سے فائدہ اٹھایا، جس سے مہم کی کامیابی کا اندازہ ہوتا ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق 3 تا 29 نومبر کے دوران منہ کے کینسر کے 2441 شہریوں کی اسکریننگ کی گئی، جبکہ چھاتی کے کینسر کے لیے 1492 خواتین اور سروائیکل کینسر کے لیے 1210 خواتین کا ٹیسٹ کیا گیا۔ مجموعی طور پر 5143 شہریوں کی جانچ کی گئی۔ ان نمونوں میں 5 منہ کے کینسر، 34 چھاتی کے کینسر اور 14 سروائیکل کینسر کے مشتبہ مریض سامنے آئے۔ اس طرح کل 53 افراد مشتبہ قرار پائے جن میں سے 8 شہریوں کے نمونے مزید لیبارٹری ٹیسٹ کے لیے ارسال کیے گئے ہیں۔

اس مہم میں تعلقہ ہیلتھ آفیسرز، پرائمری ہیلتھ سینٹرز کے میڈیکل آفیسرز اور ہیلتھ ورکرز کے ساتھ آشا سیوکوں نے گاؤں میں گھر گھر پہنچ کر بیداری پیدا کی، جبکہ مقامی این جی اوز اور گرام پنچایتوں نے بھی سرگرم کردار ادا کیا۔ دیہی خواتین اور عام شہریوں کے لیے اسکریننگ سہولت کو قابل رسائی بنانا، کینسر کے خوف اور غلط فہمیوں کو کم کرنا، بروقت تشخیص کے ذریعے علاج کو موثر بنانا اور صحت سے متعلق شعور اجاگر کرنا اس پہل کے نمایاں نتائج میں شامل ہیں، جس سے سماج میں مثبت تبدیلی کے امکانات روشن ہوئے ہیں۔

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading