ناندیڑ:خاتون کا استحصال کرنے والے شخص کو پولیس کسٹڈی

ناندیڑ:25جولائی ( ورقِ تازہ نیوز) دو سال تک خاتون کا استحصال کرنے اور اس کے پاس سے 14 لاکھ 70 ہزار روپئے و سونے کے زیورات لے کر اکتوبر 2021ءسے مفرور 27 سالہ نوجوان کو ایئرپورٹ پولیس نے گرفتار کرنے کے بعد فرسٹ کلاس جوڈیشنل مجسٹریٹ پی ایس جادھو کے روبرو عدالت میں پیش کیا۔ عدالت نے اسے چار روزہ پولیس کسٹڈی یعنی 29 جولائی 2022ءتک جیل میں روانہ کرنے کا حکم دیا۔ ایئرپورٹ پولیس اسٹیشن کے حدود میں رہنے والی ایک 45 سالہ خاتون نے 6اکتوبر 2021 کو ایک شکایت پولیس اسٹیشن میں درج کروائی جس کے مطابق اُسے دو لڑکیاں ہیں، ایک لڑکی کی شادی ہوگئی، جبکہ دوسری لڑکی دس سال کی ہے۔

اُس کے شوہر کا انتقال 2015ءمیں ہوگیا تھا۔ اس کے گھر میں وٹھل سالوے ( 27 سال) ایک کمرے میں کرایہ سے رہتا تھا۔ جس کا کرایہ 1500 روپئے مہینہ تھا۔ 2021ءمیں سروے نمبر 144 میں پلاٹ نمبر 164,165,166 میں خاتون رہتی تھی۔ فروری 2021ءمیں ایک بار مہاویر سالوے اپنا کام کرنے کے بعد گھر آیا اور اسے آواز دی۔ جب خاتون اس کے پاس گئی تو اس نوجوان نے اس کا استحصال کیا۔ اور یہ بات کسی کو نہ بتانے کے لیے کہا۔ اس کے علاوہ اس نے خاتون سے شادی کا لالچ دے کر کئی بار استحصال کیا۔

دریں اثناءپلاٹ نمبر 164,165,166 کو فروخت کرکے حاصل ہونے والی 14 لاکھ روپئے کی رقم اور سونے چاندی کے زیورات لے کر ایک دن مہاویر سالوے فرار ہوگیا۔ خاتون کی دی گئی شکایت پر ایئرپورٹ پولیس نے جرم نمبر 299/2021 تعزیرات ہند کی دفعہ 376(2)(N)420,406,506 کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔ مفرور مہاویر سالوے کو ایئرپورٹ پولیس نے گنگاکھیڑ سے گرفتار کیا ہے۔ 25جولائی کو اسسٹنٹ پولیس انسپکٹر این آر آنلداس، پولیس آفیسر رام داس سوریہ ونشی اور منڈے نے مہاویر سالوے کو عدالت میں پیش کیا۔ سرکاری وکیل ایڈوکیٹ رینوکا رائے نے پولیس کسٹڈی کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے ضروری دلائل پیش کیے۔ جج جادھو نے مہاویر کو چار روزہ یعنی 29 جولائی 2022ءتک پولیس کسٹڈی میں روانہ کرنے کا حکم دیا۔