بھیونڈی میں سابق طلبہ کے ذریعے اساتذہ کے لئے جلسہ اعتراف خدمت
بھیونڈی ( ایس اے ):- ہمارے ملک میں اساتذہ کے احترام و ادب کی روایت بہت قدیم ہے۔آپ کو یہ جان کر مسرت ہو گی کہ ایسی ہی ایک تقریب سنیچر12/ دسمبر 2020 کو بھیونڈی میں ڈاکٹر عبدالرؤف مومن کی صدارت میں منعقد ہوئی۔ اس تقریب میں رئیس ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج،بھیونڈیٍ کے سابق طلبہ نے اپنے اساتذہ (پانچویں سے بارہویں تک)کی پذیرائی کے لئے ایک پُر تکلف اور شاندار تقریب کا انعقاد کیا۔ اس تقریب کی سرگرم شخصیت الحیات نرسنگ ہوم کے روح رواں ڈاکٹر محمد آصف انور علی انصاری (ایم ایس)اورپرنسپل مزّمل شیخ کی رہی۔ان شاگردان نے اپنے اساتذہ کے اعزاز میں منعقدہ اس تقریب کو بامِ عروج پر پہنچانے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی۔ اعترافِ خدمت اور اظہارِ تشکر کے عنوان سے اس میں دودرجن اساتذہ کو تشریف آوری کی دعوت دی گئی تھی۔ ان میں جناب اعجاز مومن،انور مومن، خلیق قریشی،نثار کھاٹی میٹی،عنایت اللہ انصاری،بی وائے سےّد،رضوان مالوی، حفیظ الرحمن مومن،رفیع انصاری،شاہد خان، ریاض الدین خان، انجم سلیم،عبدالعزیز انصاری،فیضان احمد صاحبان شامل رہے۔معلمات میں زبیدہ علی،شیریں حفیظ،آصفہ بوبیرے،نرگس لیاقت باپے،فہمیدہ غلام مرادے علاوہ ازیں مرحوم اساتذہ کے لواحقین بھی شریکِ محفل رہے۔تمام اساتذہ کی خدمت میں گلہائے عقیدت اور تحائف پیش کئے گئے۔ بعد ازآں بانیان ِ جلسہ نے یکے بعد دیگرے اپنے عزم و ارادے اور اساتذہ کی عظمت اور ان کے منصب پر سیر حاصل گفتگو کی۔ بطورِ خاص تقریب کے خاص مہتمم ڈاکٹر آصف انصاری نے اس موقع پر اساتذہ سے متعلق اپنے تاثرات کا اظہار اتنے متاثر کن انداز میں کیا کہ تقریب میں شامل تمام اساتذہ نے بالخصوص اور سامعین نے بالعموم ان کے خلوصِ فراواں اور ان کی بے غرض محبت کی بھر پور ستائش کی۔ پروفسیرمزمل صغیر شیخ اورپروگرام کے ناظم کلیم سر نے اپنے تعلیمی سفر کے نشیب و فراز کو سامعین کے گوش گزار کیا۔منتظمین طلبہ میں نوید احمد مومن، محمد ایوب چوہان، عبداللہ خان،سعید احمد انصاری اور اسلم انور علی انصاری اپنے ساتھیوں کے ساتھ تادیر سرگرمِ عمل رہے۔صاحبِ اعزاز معلمین و معلمات نے بھی اپنے تاثرات پیش کئے۔ صدرِ جلسہ ڈاکٹر عبدالرؤف مومن نے اپنے صدارتی خطبہ میں فرمایا کہ اچھا استادبننا کوئی آسان بات نہیں۔ استاد کو جملہ خوبیوں سے متصف ہونے کے ساتھ ساتھ اپنے مضمون پر کامل دسترس بھی ہونی چاہیے۔ اسے ہمیشہ سرگرمِ عمل ہونا چاہیے تب ہی وہ اس منصب کے ساتھ انصاف کرسکتا ہے۔تقریب کا آغازسعید احمد انصاری کے تلاوت کلامِ پاک سے ہوا۔ پروگرام پر تکلف عشائیہ پر اختتام پذیر ہوا۔
