ای ڈی کی کارروائی سنجے راؤت پر دباؤ ڈالنے کی کوشش: جینت پاٹل
حکومت کے بارے میں شکوک و شبہات پیدا کرنے کے لئے اس ایجنسی کا استعمال ہورہا ہے
ممبئی: شیوسینا کے ایم پی سنجے راوت کی جائیداد کو ای ڈی کے ذریعہ ضبط کرنے سے پہلے انہیں اس کی اطلاع دینی ضروری تھی لیکن سنجے راؤت پر دباؤ ڈالنے کی کوشش کی جارہی ہے۔سنجے راؤت کے خلاف ای ڈی کی کارروائی پر اس واضح موقف کا اظہار این سی پی کے ریاستی صدرووزیرآبپاشی جینت پاٹل نے کیا ہے۔وہ یہاں میڈیا کے نمائندوں کے سوالوں کے جواب دے رہے تھے۔
جینت پاٹل نے کہا کہ سپریم کورٹ کے ججوں نے بھی مرکزی ایجنسیوں کے استعمال پر اپنے موقف کا اظہار کیا ہے۔ اگر سپریم کورٹ نے اس معاملے میں اپنے موقف کا اظہار کیا ہے تو پھر یہ جگ ظاہر ہے کہ ان مرکزی ایجنسیوں کا غلط استعمال ہو رہا ہے۔پاٹل نے کہا کہ کریٹ سومیا کارروائی کے بارے میں بولتے ہیں اور دو یا تین دن کے اندر ہی کارروائی ہوجاتی ہے۔ اس لیے اب مہاراشٹر میں ان کی شناخت ایک درست پیشین گوئی کرنے والے کے طور پر ہونے لگی ہے۔اس سے لوگوں میں ایسا تاثرپایاجانے لگاہے کہ مرکزی ایجنسیاں اپنی کسی کارروائی سے قبل کریٹ سومیا کواطلاع دیدیتی ہیں اوران کی مرضی کے بغیر کارروائی نہیں کرتی ہیں۔اس سب کا حکومت پر اثر ہونے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ یہ طریقہ کار حکومت اور حکومت میں شامل لوگوں کو بدنام کرنے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔ جینت پاٹل نے یہ بھی الزام لگایا کہ حکومت کے بارے میں شکوک و شبہات پیدا کرنے کے لیے ان ایجنسیوں کا استعمال کیا جا رہا ہے۔