انضمام کی عجلت کرنے والے پہلے یہ واضح کریں کہ انہیں کس پارٹی میں جانا ہے یا کس میں ضم ہونا ہے: آنند پرانجپے

تھانے: اجیت پوار کے حادثاتی موت کے بعد ہم ابھی تک اس صدمے سے سنبھل نہیں پائے ہیں۔ ان کی آخری رسومات ادا ہونے سے پہلے ہی انضمام سے متعلق بحث کس نے شروع کی، یہ ایک سنجیدہ سوال ہے۔ پارٹی کے ریاستی صدر رکن پارلیمنٹ سنیل تٹکرے نے پہلے ہی پارٹی کا موقف واضح کر دیا ہے کہ ہم 2023 میں این ڈی اے میں شامل ہوئے تھے، اس کے باوجود جو لوگ انضمام کی عجلت دکھا رہے ہیں، انہیں پہلے یہ واضح کرنا چاہیے کہ وہ کس پارٹی میں جانا چاہتے ہیں یا کس میں انضمام کرنا چاہتے ہیں۔ یہ بات نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے چیف ترجمان آنند پرانجپے نے تھانہ میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے انجلی دمانیا کے بیانات پر سخت ردِعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ انجلی دمانیا کا بیان اس بات کی مثال ہے کہ کس طرح کی پست اور غیر ذمہ دار ذہنیت بعض اوقات سامنے آتی ہے۔ اس طرح کے الزامات لگانا نہایت قابلِ مذمت ہے۔ آنند پرانجپے نے کہا کہ پارٹی کے قومی کارگزار صدر رکن پارلیمنٹ پرفل پٹیل، ریاستی صدر رکن پارلیمنٹ سنیل تٹکرے اور پارتھ پوار پر اس نازک وقت میں شبہ ظاہر کرنا انتہائی غلط ہے۔انہوں نے کہا کہ اگرچہ انہیں عدالت نے کچھ معاملات میں قانونی حق دیا ہے، لیکن وہ خود ساختہ سماجی کارکن ہیں اور جن جن لیڈروں پر انہوں نے الزامات لگائے، وہ اب تک عدالت میں ثابت نہیں ہو سکے۔ اس لیے ایسے بیانات دیتے وقت ذمہ داری کا مظاہرہ کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ خود ریاستی وزیرِ محصولات چندرشیکھر باونکولے بھی یہ واضح کر چکے ہیں کہ معاملے کی جانچ ابھی مکمل نہیں ہوئی ہے، لہٰذا انجلی دمانیا کو بھی صبر کرنا چاہیے اور سچائی سامنے آنے کا انتظار کرنا چاہیے۔

آنند پرانجپے نے کہا کہ اجیت دادا کے انتقال کے بعد بھی کچھ لوگ غیر ضروری اور بے وقت سیاسی قیاس آرائیاں پھیلا رہے ہیں، جو انتہائی افسوسناک ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ دو جولائی کو اجیت دادا پوار نے جو سیاسی فیصلہ لیا تھا، پارٹی آج بھی اسی پر قائم ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ شرد پوار گروپ کے بعض افراد نے اجیت پوار کی آخری رسومات سے پہلے ہی انضمام پر پریس کانفرنس کر کے غیر ضروری بحث چھیڑ دی۔ پہلے انہیں یہ واضح کرنا چاہیے کہ وہ این ڈی اے اور ریاستی مہایوتی حکومت میں شامل ہونا چاہتے ہیں یا نہیں۔

آنند پرانجپے نے سنجے راؤت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ روزانہ صبح نو بجے سیاسی الزامات کا سلسلہ شروع کر دیتے ہیں۔ اگر وہ یہی مشورے اپنی پارٹی قیادت کو دیں تو شاید ان کی پارٹی کی گرتی ہوئی حالت رک سکے۔ انہوں نے کہا کہ چونکہ ایک جانچ کمیٹی معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے، اس لیے سنجے راوت کو خود ہی نتیجہ اخذ کر کے عوام کو گمراہ کرنے سے گریز کرنا چاہیے۔

NCP Urdu News 05 Feb. 26.docx

Discover more from ورق تازہ

Subscribe now to keep reading and get access to the full archive.

Continue reading