سابق ایم ایل اے راہل موٹے این سی پی میں شامل، اجیت دادا نے کیا استقبال
مسائل کا حل عوام کے درمیان جا کر ہی ممکن ہے، الگ تھلگ رہ کر نہیں: اجیت پوار
ممبئی: نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کو اُس وقت ایک اہم سیاسی تقویت ملی جب شردچندر پوار گروپ کے بھوم-پرنڈا حلقے سے سابق رکنِ اسمبلی راہل موٹے نے اپنے ہزاروں حامیوں کے ہمراہ اجیت پوار کی موجودگی میں پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔ اس موقع پر نائب وزیر اعلیٰ اور پارٹی کے قومی صدر اجیت پوار نے اُن کا پرتپاک استقبال کیا اور پارٹی میں شامل ہونے والوں کو مستقبل میں عوامی خدمت کے لیے سرگرم رہنے کا مشورہ دیا۔
اجیت پوار نے اس موقع پر کہا کہ ہمیں یہ سیاست یشونت راؤ چوہان جیسے قائدین سے ورثے میں ملی ہے جنہوں نے ہمیشہ اتحاد، بھائی چارے اور سب کو ساتھ لے کر چلنے کی بات کی۔ چھترپتی شیواجی مہاراج نے اٹھارہ پگڑیوں کو ساتھ لے کر ہندوی سوراجیہ قائم کیا، اسی طرح ہمیں بھی ذات پات، مذہب یا فرقے کی دیواریں گرا کر عوامی مسائل کا حل تلاش کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کو عوام کے درمیان مضبوط کرنے کے لیے نوجوان اور فعال کارکنوں کو آگے لانا ضروری ہے۔ ہم نے بزرگوں کی دعاؤں اور رہنمائی سے پارٹی کی بنیاد رکھی تھی، آج یہی پارٹی 26 سال مکمل کر چکی ہے۔ آنے والے بلدیاتی انتخابات میں پارٹی کو کامیاب بنانے کے لیے کارکنان کو بھرپور محنت کرنی ہوگی، مگر اس کے ساتھ ساتھ نظم و ضبط اور ذمہ دارانہ رویہ بھی ناگزیر ہے۔
اجیت پوار نے کہا کہ سوشل میڈیا کے اس دور میں اگر کوئی کارکن غیرذمہ دارانہ بیان دیتا ہے تو وہ پوری پارٹی کے لیے نقصان دہ بن سکتا ہے، لہٰذا ہر فرد کو سوچ سمجھ کر بات کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اقتدار سے باہر رہ کر عوامی مسائل حل نہیں کیے جا سکتے۔ ترقیاتی کام اقتدار میں رہ کر ہی ممکن ہیں، لہٰذا بلدیاتی انتخابات کے لیے ابھی سے تیاری شروع کر دیں اور اس بات کا خیال رکھیں کہ کوئی بھی ایسا عمل نہ ہو جو پارٹی کے مفاد کے خلاف جائے۔
اس موقع پر دھاراشیو، اہلیہ نگر اور اکولہ اضلاع سے تعلق رکھنے والے مختلف سیاسی جماعتوں کے درجنوں سرکردہ لیڈران اور کارکنان نے بھی نیشنلسٹ کانگریس میں شمولیت اختیار کی۔ اس تقریب میں اجیت پوار کے ساتھ ایم ایل اے شواجی راؤ گرجے، امول مٹکری، کاشی ناتھ داتے، ستیش چوہان، وکرم کالے، چیف ترجمان آنند پرانجپے، ریاستی نائب صدر پرمود ہندوراؤ، جنرل سیکریٹری لطیف تمبولی، معاون خزانچی سنجے بورگے، اہلیہ نگر کے ضلع صدر اشوک ساونت، دھاراشیو کے ضلع صدر مہندر دھورگُڑے، اکولہ کے ضلع صدر محمد بدرالزماں اور جنوبی ممبئی کے ضلع صدر مہندر پانسرے سمیت بڑی تعداد میں پارٹی کارکنان اور عہدیداران شریک رہے۔
NCP Urdu News 5 August 25.docx