ریاست میں 9 اگست سے ’منڈل جن جاگرن یاترا‘ کا آغاز
شراد پوار کی رہنمائی میں او بی سی سماج کو ان کا حق دلانے کی مہم: جتیندر اوہاڈ
تھانے: نیشنلسٹ کانگریس شرد پوار کے او بی سی سیل کی جانب سے ریاست بھر میں 9 اگست 2025 سے ’منڈل جن جاگرن یاترا‘ کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ اس یاترا کی شروعات ناگپور سے پارٹی کے قومی صدر شرد پوار کے ہاتھوں ہری جھنڈی دکھا کر کی جائے گی۔ پارٹی کے او بی سی سیل کے ریاستی صدر راج راجا پورکر کی قیادت میں یہ یاترا ریاست بھر میں نکالی جائے گی، جس کا پہلا مرحلہ ودربھ کے اضلاع میں طے کیا گیا ہے۔ اس بات کی اطلاع پارٹی کے قومی ترجمان اور رکن اسمبلی جتیندر اوہاڈ نے ایک پریس کانفرنس میں دی۔
جتیندر اوہاڈ نے کہا کہ دلتوں، پسماندہ اور محروم طبقات کے حقوق ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر نے دلائے ہیں لیکن او بی سی کو ان کے حقیقی حقوق اور باقاعدہ ریزرویشن کا اختیار ’منڈل کمیشن‘ کی سفارشات سے حاصل ہوا۔ سابق وزیر اعظم وشوناتھ پرتاپ سنگھ نے 1990 میں ان سفارشات کو نافذ کرکے او بی سی سماج کو آئینی تحفظ دیا۔ اوہاڈ نے کہا کہ یہ عمل ملک کے لیے انقلابی قدم ثابت ہوا۔ انہوں نے مزید کہا کہ او بی سی برادری کو تعلیمی، ملازمتوں اور سیاسی میدان میں ریزرویشن کے ذریعے مکمل حصہ داری حاصل ہوئی، جس کے نتیجے میں کئی نوجوان میونسپل کونسلوں، گرام پنچایتوں، ضلع پریشدوں، میئر اور صلع پریشد صدر جیسے اہم عہدوں پر فائز ہو سکے۔
جتیندر اوہاڈ نے بی جے پی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ او بی سی ریزرویشن کے ہمیشہ مخالف رہی ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ جب بی جے پی نے ’کمنڈل یاترا‘ نکالی، تو اس کا مقصد ہی منڈل کمیشن کی مخالفت کرنا تھا۔ اوہاڈ نے کہا کہ 1993 میں جب ریاست مہاراشٹر میں شرد پوار وزیر اعلیٰ تھے، تب منڈل کمیشن کی سفارشات پر عمل درآمد کیا گیا، جو تقریباً 40 سال سے التواء میں پڑی ہوئی تھیں۔ اس عمل سے او بی سی سماج کی حالت میں بنیادی تبدیلی آئی۔ انہوں نے واضح کیا کہ عدالتِ عظمیٰ نے او بی سی ریزرویشن کے لیے راستہ صاف کر دیا ہے، مگر ریاستی حکومت نے جان بوجھ کر تین سال ضائع کیے ہیں۔ آئندہ بلدیاتی انتخابات میں او بی سی ریزرویشن یقینی بنایا جائے، یہی اس یاترا کا بنیادی مقصد ہے۔
جیتندر اوہاڈ نے اپیل کی کہ دیگر پسماندہ طبقات سے وابستہ ہر فرد اپنی ذات و برادری کی سرکاری اندراج کروائے تاکہ سروے کے دوران مکمل تفصیلات دستیاب ہو سکیں۔ اس تناظر میں او بی سی سیل کے ریاستی صدر راج راجا پورکر کی قیادت میں 9 اگست سے منڈل یاترا کا آغاز کیا جا رہا ہے، جو پہلے مرحلے میں ودربھ کے 11 اضلاع میں نکالی جائے گی۔
NCP-SP Urdu News 5 August 25.docx
