ریاستی حکومت کوبدنام اورلیڈران کے خلاف انتقامی کارروائی جمہوریت کے منافی: مہیش تپاسے
ممبئی:ای ڈی کے ذریعے سنجے راؤت کے املاک کی ضبطی کا واضح مطلب یہ ہے کہ مہاوکاس اگھاڑی حکومت کو بدنام کرنا اور لیڈران کے خلاف انتقامی کارروائی کرنا۔ یہ طریقہئ کار جمہوریت کے عین منافی ہے جس کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں۔ یہ باتیں آج یہاں این سی پی کے ریاستی چیف ترجمان مہیش تپاسے نے سنجے راؤ ت کے خلاف ای ڈی کی کارروائی پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہی ہیں۔
مہیش تپاسے نے ای ڈی کی اس کارروائی پراپنی سخت ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ آخر یہ چل کیا رہا ہے؟ کیا ملک میں قانون وجمہوریت نام کی کوئی چیز بچی ہے یا نہیں؟ یا پھر سب کچھ مرکزی حکومت کے اشارے پر ہی چلے گا اور اپوزیشن کے لیڈران کے خلاف انتقامی کارروائی کی جائے گی؟انہو ں نے کہا کہ 2019 میں بی جے پی حکومت نہیں بنا سکی، اس لیے انتقامی کارروائی کے تحت مرحلہ وار طریقے سے مہاوکاس اگھاڑی حکومت کے مضبوط لیڈروں کو نشانہ بنارہی ہے۔ چونکہ سنجے راؤت مسلسل بی جے پی اور مرکزی اداروں کے خلاف بات کرتے تھے اس لیے ای ڈی نے ان کی جائیداد اور مکان کو ضبط کیا ہے۔بی جے پی ای ڈی کے ذریعے اس طرح کی انتقامی سیاست کررہی ہے۔تپاسے نے کہا کہ ای ڈی کے افسران پر سنجے راؤت نے سنگین الزامات لگائے تھے۔ ان الزامات کے بعد ریاستی محکمہ داخلہ نے ایس آئی ٹی کے ذریعے تفتیش شروع کردی ہے اور آج یہ ای ڈی نے سنجے راؤت کے املاک کو ضبط کرنے کی کارروائی کی ہے،کیا یہ محض ایک اتفاق ہے؟